دہلی

ششی تھرور‘ کانگریس کا صدارتی الیکشن لڑیں گے؟

ششی تھرور نے کہاکہ جو کوئی الیکشن لڑنا چاہے لڑسکتا ہے۔ مجھے اس پر مزید کچھ کہنا نہیں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی میں تقررات وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ پر منحصر ہیں جبکہ کانگریس میں ایک سسٹم ہے۔

نئی دہلی: ششی تھرور کانگریس کا صدارتی الیکشن لڑنے پر غور کررہے ہیں‘ ایسے میں پارٹی نے منگل کے دن کہا کہ جو کوئی الیکشن لڑنا چاہے لڑسکتا ہے۔ ذرائع کے بموجب ششی تھرور پارٹی صدر کے عہدہ کے لئے میدان میں اترنے پر غور کررہے ہیں۔ انہوں نے ابھی قطعی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنا ذہن نہیں بنایاہے لیکن عنقریب فیصلہ کرسکتے ہیں۔ اس بارے میں جب پوچھا گیا تو کانگریس ترجمان گورو ولبھ نے کہا کہ مجھے اس کی جانکاری نہیں لیکن ہم نے الیکشن شیڈول کا اعلان کردیا ہے اور نامزدگی سے نتیجہ تک ساری تاریخیں بتادی ہیں۔

 جو کوئی الیکشن لڑنا چاہے لڑسکتا ہے۔ مجھے اس پر مزید کچھ کہنا نہیں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی میں تقررات وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ پر منحصر ہیں جبکہ کانگریس میں ایک سسٹم ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ کے توسط سے جاننا چاہتا ہوں کہ بی جے پی میں الیکشن کب ہوگا؟ الیکشن کے بارے میں اس کا دستور کیا کہتا ہے؟۔ ہم نے تاریخوں کا اعلان کردیا۔ ہمارے پاس تفصیلی دستور موجود ہے لیکن بی جے پی میں الیکشن کب ہوگا؟

نڈاجی کب الیکشن لڑیں گے؟ امیت شاہ‘ راج ناتھ سنگھ‘ نتن گڈکری اور ایل کے اڈوانی نے کونسا الیکشن لڑا تھا؟۔ ششی تھرور نے ملیالم روزنامہ ماتربھومی میں ایک آرٹیکل لکھ کر آزادانہ و منصفانہ الیکشن کا مطالبہ کیا۔ اس مضمون میں انہوں نے پارٹی کی موجودہ صورتِ حال بتائی۔

 انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر کے پاس پارٹی کو درپیش مسائل کی یکسوئی کا منصوبہ ہونا چاہئے۔ اسی کے ساتھ اس کے پاس ہندوستان کے لئے ویژن ہونا چاہئے۔