شمالی بھارت

لولو مال تنازعہ: شرپسندی پر سخت کاروائی کرنے یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت

یوگی نے کہا کہ لکھنؤ میں ایک نیا مال کھولا گیا ہے۔ جو کہ اپنے کمرشیل مقصد کے ساتھ کام کررہا ہے۔اسی سیاست کا اکھاڑا بنانا،اس کے نام کے حوالے سے غیر ضروری بیانات جاری کرنا کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیاجائے گا۔

لکھنؤ: اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاستی راجدھانی لکھنؤ میں واقع لؤلؤ مال پر جاری ہنگامے کا سخت نوٹس لیا ہے اور افسران کو غیر ضروری تنازع پیدا کرنے کی کوشش کرنے اور فرقہ وارانہ نفرت پھیلا کر ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی افسران کو ہدایت دی ہے۔

پولیس و انتظامی افسران کے ساتھ ایک اعلی سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا’لکھنؤ میں ایک نیا مال کھولا گیا ہے۔ جو کہ اپنے کمرشیل مقصد کے ساتھ کام کررہا ہے۔اسی سیاست کا اکھاڑا بنانا،اس کے نام کے حوالے سے غیر ضروری بیانات جاری کرنا اور پھر روڈ پر احتجاج کرت ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ میں روکاوٹ ڈالنا کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا؛۔

انہوں نے کہا کہ لکھنؤ انتظامیہ کو متنبہ کئے جانے کے باوجود فرقہ وارانہ نفرت اورلاقانونیت پیدا کرنے کی ناکام کوششیں کی جارہی ہیں جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اسے پوری سنجیدگی سے لیا جانا چاہئے۔حکومت شرپسند عناصر کوبالکل بھی برداشت نہیں کرے گی۔چھوٹی چھوٹی باتوں کو طول دینے اور ماحول خراب کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ان کے خلاف پوری سختی سے کاروائی ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ لؤلؤ مال میں نماز کی ادائیگی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر تنازع پیدا ہوگیا ہے۔اس کے خلاف احتجاجا کچھ ہندو تنظیموں نے مال کے اندر ہنومان چالیسہ پڑھنے کی اپنی خواہش کا اعلان کیا تھا۔

نماز کی ویڈیو وائرل ہونے اور اس پر ہنگامہ کھڑا ہونے کے بعد مال انتظامیہ نے 14جولائی کو اس حوالے سے ایف آئی آر درج کرائی تھی۔لکھنؤ پولیس کمشنریٹ نے 15جولائی کو 4افراد جس میں سے تین کو ہنومان چالیسہ اور ایک کو نماز پڑھنے کے معاملے میں گرفتار کیا تھا۔

بعدمیں 16جولائی کو پولیس نے نقض امن امان کے تحت 18افراد کے خلاف ایک دوسری ایف آئی آر درج کی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو زک پہنچانے کے الزام کے ساتھ دو افراد کو گرفتار کرلیا۔مال میں نماز پڑھنے کے معاملے میں لکھنؤ کمشنریٹ پولیس نے آج دیگر4افراد کو گرفتا رکیا ہے۔

یوگی نے منظم اور پرامن کانوڑ یاترا اورکامیاب آزادی ہفتہ کے انعقاد کے حوالے سے رہنما خطوط جاری کیے۔ انہوں نے عہدیداروں کو آئی جی آر ایس، جنتا درشن اور سی ایم ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی شکایات کی پولیس اسٹیشن، تحصیل اور ضلع سطح کی درجہ بندی کے مطابق کام کاج کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت دی۔

a3w
a3w