مختصر وقفہ کے بعد تلنگا نہ میں پھر بارش
مرکز موسمیات نے بتایا کہ خلیج بنگال میں شامل کی سمت بنے ہوا کے کم دباؤ کا مرکز، آئندہ36 گھنٹوں کے دوران شمال، مغرب کی سمت پیش رفت کرتے ہوئے شدت اختیار کرجائے گا۔ اس طوفان کے اثرات سے تلنگانہ کم متاثر رہے گا۔
حیدرآباد: مختصر وقفہ کے بعد ریاست اور شہر کے مختلف مقامات پر آج صبح سے وقفہ، وقفہ سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ جڑواں شہر حیدرآباد اور سکندرآباد کے مختلف علاقوں میں صبح سے ہی آسمان پر گہرے سیاہ بادل چھائے رہے اور کئی مقامات پر ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
جوبلی ہلز بنجارہ ہلز، پنجہ گٹہ، مانصاحب ٹینک، لکڑی کا پل، نامپلی، مہدی پٹنم، خیریت آباد، امیر پیٹ، ملک پیٹ اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔ مرکز موسمیات نے بتایا کہ خلیج بنگال میں شامل کی سمت بنے ہوا کے کم دباؤ کا مرکز، آئندہ36 گھنٹوں کے دوران شمال، مغرب کی سمت پیش رفت کرتے ہوئے شدت اختیار کرجائے گا۔
اس طوفان کے اثرات سے تلنگانہ کم متاثر رہے گا۔ ریاست کے اضلاع ملگ، بھدرا دری کتہ گوڑم، جئے شنکر بھوپال پلی، پداپلی، منچریال، کمرم بھیم آصف آباد، عادل آبادت نرمل، ورنگل، ہنمکنڈہ، کریم نگر اور محبوب آباد میں کہیں کہیں شدید بارش کا امکان ہے۔
ریاست کے بیشتر علاقوں میں 17 اگست تک ہلکی تا اوسط بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ دریں اثنا اوپری علاقوں کرناٹک میں شدید بارش کی وجہ سے ریاست کے جورالہ پراجکٹ میں سیلابی پانی کے بہاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جورالہ پراجکٹ میں پانی کا بہاؤ2.60 لاکھ کیوزک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس پراجکٹ کی مکمل سطح آب 318.51 فٹ کے منجملہ موجودہ سطح آب31751 فٹ درج کی گئی ہے۔ دریا کرشنا پر موجود آخری ہمہ مقصدی پراجکٹ ناگر جنا ساگر میں بھی بھاری مقدار میں پانی کا بہاؤ جاری ہے۔
سری سیلم پراجکٹ اور اوپری علاقوں سے ساگر میں پانی کا بہاؤ3.22 کیوزک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جس کے سبب پراجکٹ کے 26 دروازوں کو اوپر اٹھاتے ہوئے 4لاکھ کیوزک پانی کو ندی میں خارج کیا جارہا ہے۔ ناگر جنا ساگر میں پانی کی مکمل سطح590 فٹ ہے۔
جبکہ موجودہ طور پر ساگر میں پانی کی سطح586 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس پراجکٹ میں پانی کی مکمل گنجائش 312 ٹی ایم سی ہے جبکہ تاحال، ساگر میں 298.98 ٹی ایم سی پانی موجود ہے۔