مسلم نام سے قابل اعتراض پوسٹنگس۔ کرناٹک میں ہندو نوجوان گرفتار
کرناٹک پولیس نے ضلع کوڈگو میں ایک ہندو نوجوان کو قابل اعتراض پوسٹنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔
کوڈگو (کرناٹک): کرناٹک پولیس نے ضلع کوڈگو میں ایک ہندو نوجوان کو قابل اعتراض پوسٹنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔
ضلع کوڈگو کے ویراج پیٹ تعلقہ کے موضع کیدرملورو کا رہنے والا دیون دیویا‘ دیوی کاویری اور کوڈگو کی عورتوں کے خلاف نازیبا پوسٹنگ کررہا تھا۔
اس نے ایک مسلم نوجوان کے نام سے اکاؤنٹ کھول کر میسیج پوسٹ کئے تھے۔ ملزم نے اپنے فیک اکاؤنٹ کے ذریعہ دیوی کاویری کے خلاف اہانت آمیز ریمارکس کئے تھے۔ مقامی کوڑوا برادری کے لوگ اس دیوی کی پوجا کرتے ہیں۔ اس نے کوڑوا عورتوں کو بھی نشانہ بنایا تھا۔ کوڈگو‘ بی جے پی اور ہندو تنظیموں کا گڑھ ہے۔
یہ فرقہ وارانہ لحاظ سے حساس علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ پوسٹس کی مذمت میں مختلف تنظیموں نے بند منانے کی اپیل کی تھی لیکن ہندو نوجوان کی گرفتاری کے بعد یہ اپیل واپس لے لی گئی۔ پولیس نے واضح کیا کہ اس نے ممبئی پولیس کی مدد سے یہ کیس حل کیا ہے۔
ممبئی پولیس نے فیک فیس بک اکاؤنٹ کی جانکاری کیلیفورنیا سٹی سے حاصل کی اور مقامی پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ پولیس نے ملزم نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ کوڑوا برادری کے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ بدبختانہ واقعہ پیش نہیں آنا چاہئے تھا۔
سوشل میڈیا کا بے جا استعمال کرنے والوں کو دوبارہ سوچنا چاہئے۔ اس واقعہ میں گرفتاری سبھی کے لئے ایک سبق ہے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع کوڈگو ایم اے ایپا نے کہا کہ سوشل میڈیا کا بے جا استعمال عام ہوچکا ہے۔ لوگوں کو معلوم ہی نہیں کہ اس کے نتائج کیا ہوسکتے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔