تلنگانہ

کامیابی کے ضامن قائد کو ہی ٹکٹ ملے گا: کے سی آر

صدر ٹی آر ایس کے چندرشیکھرراؤ نے کہاکہ ہر انتخابات میں مقابلہ میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد بہت ہوتے ہیں تاہم اُن کو ہی امیدوار بنایاجاتا ہے جن کی کامیابی کے امکانات روشن رہتے ہیں۔

حیدرآباد: صدر ٹی آر ایس کے چندرشیکھرراؤ نے کہاکہ ہر انتخابات میں مقابلہ میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد بہت ہوتے ہیں تاہم اُن کو ہی امیدوار بنایاجاتا ہے جن کی کامیابی کے امکانات روشن رہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ منگوڈ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات کیلئے امیدوار کے انتخاب کا پارٹی ہائی کمانڈ فیصلہ کرے گی اور یہی فیصلہ حتمی ہوگا۔کوئی بھی قائدغیر ضروری طورپر امیدوار بننے کا تصور نہ کریں۔ ہر طرح سے جانچ پڑتال کے بعد امیدوار کا انتخاب کیاجائے گا اور مناسب وقت پر امیدوار کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔

کے چندرشیکھرراؤ نے کہاکہ پارٹی مفادات کیلئے کام کرنے والے امیدوار کو کامیاب بنانے کیلئے مقامی قائدین وکارکنوں کو کمربستہ ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو شخصی مفادات کیلئے کام کرنے کا مشورہ دیا۔

ضلع نلگنڈہ کے پارٹی قائدین کے ساتھ منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے چندرشیکھرراؤ نے کہاکہ ابھی تک پارٹی امیدوار کے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ کوئی بھی قائد خود کو امیدوار تصور نہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ 2014 میں ہم اس حلقہ سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم 2018 میں معمولی فرق سے شکست کھاگئے۔ اب حلقہ اسمبلی منگوڈ کی صورتحال کا مکمل جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی فیصلہ لیاجائے گا۔

چیف منسٹر نے واضح کیا کہ منگوڈ میں پارٹی کافی مستحکم ہے اور جو بھی امیدوار ہوگا ا س کی کامیابی کی ذمہ دار پارٹی پر ہوگی۔ پارٹی کے احکامات کے مطابق قائدین اور کارکنوں کو کام کرتے ہوئے امیدوار کو فتح سے ہمکنار کرانا ہوگا۔