کیرالا میں آف لائن امتحان کے انعقاد پر عبوری روک
عدالت عظمی نے حکومت کیرالا کے اس فیصلے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے فیصلے سے پہلے، ریاستی حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملوں پر توجہ نہیں دی۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے کیرالہ میں کورنا وائرس کے متاثرین بڑھنے کے درمیان 6 ستمبر سے گیارہوں کے مجوزہ آف لائن امتحانات منعقد کرنے کے ریاستی حکومت کے فیصلے پر جمعہ کے روز عبوری روک لگادی ہے۔
جسٹس ایم کھنولکر، جسٹس ریشی کیش رائے اور جسٹس سی ٹی روی کمار کی ڈویژن بنچ نے درخواست دہندگان رسولشن اے کے وکیل پرشانت کے دلائل سننے کے بعد ریاستی حکومت کے آف لائن امتحان منعقد کرنے کے فیصلے پر اس معاملے کی آئندہ سماعت کی تاریخ (13 ستمبر) تک کے لئے عبوری روک لگا دی۔
عدالت عظمی نے حکومت کیرالا کے اس فیصلے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے فیصلے سے پہلے، ریاستی حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملوں پر توجہ نہیں دی۔
واضح رہے کہ کیرالہ میں روزانہ کورونا وائرس کے 30 ہزار متاثرین سامنے آرہے ہیں، جو قومی اوسط کا 70 فیصد ہے۔درخواست دہندگان نے آف لائن امتحان منعقد کرنے کے فیصلے میں مداخلت کرنے سے ہائی کورٹ کے انکار کرنے کے بعد عدالت عظمی کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔