گھر گھر جاکر اہل آبادی کو کووڈ19 بوسٹر ڈوز دینے کی ہدایت : وزیر صحت
وزیر طب،صحت و خاندانی بہبود و فینانس ٹی ہریش راؤ نے ریاست میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسس کے مدنظر متعلقہ عہدیداروں کو گھر گھر جاکر اہل آبادی کو بوسٹر ڈوز دینے کی ہدایت دی۔
حیدرآباد: وزیر طب،صحت و خاندانی بہبود و فینانس ٹی ہریش راؤ نے ریاست میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسس کے مدنظر متعلقہ عہدیداروں کو گھر گھر جاکر اہل آبادی کو بوسٹر ڈوز دینے کی ہدایت دی۔
وزیر صحت نے بی آر کے آر بھون میں وزیر پنچایت راج اور دیہی ترقیات ای دیاکر راؤ، وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی، وزیر ایس سی بہبود کوپلا ایشور، وزیر بی سی بہبود جی کملاکر، وزیر قبائلی بہبود ستیہ ورتی راٹھوڑ اور چیف سکریٹری سومیش کمار کے ہمراہ ضلع کلکٹران، ایڈیشنل کلکٹران، ڈی ایم ایچ اوز اور دیگر سینئر عہدیدارو ں کے ساتھ اجلاس کیا اور کلکٹران کو ریاست میں مسلسل بارش کے پیش نظر موسمی امراض کے تئیں چوکس رہنے کی ہدایت دی۔
چوں کہ موسمی امراض میں اضافہ ہوچکا ہے لہٰذا کلکٹران کو تمام اسکولوں، ہاسٹلس اور دیگر اداروں میں ”جمعہ خشک دن“ جیسی خصوصی مہمات چلانے کی ہدایت دی گئی۔
محکمہ بلدیہ کو عام صفائی ستھرائی، نالوں کی صفائی میں شدت پیدا کرتے ہوئے مچھر کش سرگرمیوں میں اضافہ کرنے کو کہا گیا۔ انہیں جمع ہوئے پانی کی نکاسی، نالوں کی پابندی سے صفائی، کچرے کی نکاسی اور گاؤں میں مقامی صحت و صفائی کمیٹی اور طبی عملہ کو فعال بنانے کی ہدایت دی گئی۔
بور ویل کے اطراف و اکناف کے علاقوں کی پابندی سے صفائی اور نلوں کی مناسب دیکھ بھال کی ہدایت دی گئی۔ ہاسٹل کے وارڈنس کو ہاسٹل، رہائشی اسکولوں کی روزانہ اساس پر صاف صفائی، حفظان صحت سے متعلق امور کے لیے ذمہ دار بنانا چاہیے۔
چیف سکریٹری سومیش کمار نے سیلاب کے دوران جانی نقصان نہ ہونے پر ضلع کلکٹران کی کوششوں پر انہیں مبارکباد دی۔ بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے خصوصی سکریٹری اروند کمار، سکریٹری پی آر اینڈ آر ڈی سندیپ کمار سوتھانیا سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ راہول بوجا، سکریٹری ہیلتھ ایس اے ایم رضوی، سکریٹری قبائلی بہبود کرسٹینا زونگتو اور دیگر سینئر عہدیدار اجلاس میں موجود تھے۔