یو اے ای‘ ہندوستان میں 2 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا
جمعرات کے روز I2U2 قائدین کے پہلے ورچول سمٹ میں یہ بھی اعلان کیا گیاکہ یہ گروپ گجرات میں ہائی برڈ قابل تجدید توانائی پراجکٹ کو فروغ دے گا جو ہوا اور شمسی توانائی سے 300 میگاواٹ برقی پیداوار کی صلاحیت کا حامل ہوگا۔
نئی دہلی: متحدہ عرب امارات(یو اے ای) چارقومی اتحاد”I2U2″ کے فریم ورک کے تحت ہندوستان بھر میں انٹیگریٹیڈ فوڈ پارکس کو فروغ دینے کے لئے 2بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ اتحاد کے قائدین نے غذائی سلامتی اور صاف ستھری توانائی کے شعبوں میں عملی تعاون اور مشترکہ پراجکٹس کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
جمعرات کے روز I2U2 قائدین کے پہلے ورچول سمٹ میں یہ بھی اعلان کیا گیاکہ یہ گروپ گجرات میں ہائی برڈ قابل تجدید توانائی پراجکٹ کو فروغ دے گا جو ہوا اور شمسی توانائی سے 300 میگاواٹ برقی پیداوار کی صلاحیت کا حامل ہوگا اور کئی بیاٹری انرجی اسٹوریج سسٹمس سے اس کی تکمیل کی جائے گی۔
اس اتحاد کے قائدین میں وزیراعظم نریندر مودی‘ امریکی صدر جو بائیڈن‘ اسرائیلی وزیراعظم یائر لیپیڈ اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زیدالنہیان شامل ہیں۔ اس گروپ کو I2U2 کا نام دیا گیا ہے جس میں ہندوستان اور اسرائیل کے لئے I اور امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے لئے U حروف کا استعمال کیا گیا ہے۔
یوکرین کے بحران اور مغربی ایشیا کی ابھرتی ہوئی صورتِ حال کے نتیجہ میں ہونے والی جغرافیائی و سیاسی ہلچل کے دوران یہ گروپ قائم کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ I2U2 نے اپنے پہلے چوٹی اجلاس سے ہی ایک مثبت ایجنڈہ قائم کیا ہے اور وہ توانائی سلامتی‘ غذائی سلامتی اور معاشی ترقی کے شعبوں میں اہم حصہ ادا کرے گا۔
یہ واضح ہے کہ I2U2 کا ایجنڈہ اور ویژن ترقی پذیر اور عملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس گروپ کا امدادِ باہمی پر مبنی فریم ورک بڑھتی عالمی غیریقینی صورتِ حال کے دوران عملی تعاون کے لئے ایک اچھا ماڈل ہے۔ مجھے یقین ہے کہ I2U2 کے ساتھ ہم غذائی سلامتی‘ توانائی سلامتی اور معاشی ترقی کے لئے عالمی سطح پر اہم حصہ ادا کرسکیں گے۔
یو این آئی کے بموجب I2U2 اتحاد گزشتہ سال 18 اکتوبر کو چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں تشکیل پایا۔یہ اتحاد بنیادی طورپر 6 شعبوں پانی‘ توانائی‘ ٹرانسپورٹ‘ صحت اور غذائی تحفظ اور خلائی شعبہ میں مشترکہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لئے بنایا گیا ہے۔
ان شعبوں میں نجی سرمایہ کاری اور انفرااسٹرکچر میں جدیدکاری‘ صنعتوں کے لئے کم سے کم کاربن اخراج کے اقدامات‘ صحت عامہ میں بہتری‘ جدیدترین اور آلودگی سے پاک ٹکنالوجی کے فروغ کے لئے کام کیا جائے گا۔