یٰسین ملک‘ تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال پر
کشمیری قائد کو 2017 کے دہشت گردی فنڈنگ کیس میں این آئی اے کی خصوصی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ بھوک ہڑتال کی وجہ پوچھنے پر عہدیدار نے تفصیل میں جانے سے انکار کردیا۔
نئی دہلی: کشمیری علیحدگی پسند قائد یٰسین ملک نے جو تہاڑ جیل کی کوٹھری نمبر 7 میں بند ہیں‘ بھوک ہڑتال کردی ہے۔ عہدیداروں نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔ جیل کے ایک سینئر عہدیدار نے آئی اے این ایس سے توثیق کی کہ یٰسین ملک نے جمعہ کی صبح سے بھوک ہڑتال کررکھی ہے۔
کشمیری قائد کو 2017 کے دہشت گردی فنڈنگ کیس میں این آئی اے کی خصوصی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ بھوک ہڑتال کی وجہ پوچھنے پر عہدیدار نے تفصیل میں جانے سے انکار کردیا تاہم جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ یٰسین ملک ان ایجنسیوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں جو اُن کے کیس کی تحقیقات کررہی ہیں۔
یٰسین ملک کا الزام ہے کہ ان کے کیس کی تحقیقات ڈھنگ سے نہیں ہورہی ہیں۔ یٰسین ملک نہ صرف باہر کی دنیا سے کٹے ہوئے ہیں بلکہ انہیں جیل کے اندر تقریباً 13 ہزار قیدیوں سے الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔
جیل نمبر 7 جہاں یٰسین ملک قید ہیں ہمیشہ سرخیوں میں رہی ہے کیونکہ اس میں کئی ہائی پروفائل قیدی بشمول سابق وزیر فینانس پی چدمبرم‘ سابق مرکزی وزیر اے راجہ‘ سہارا سربراہ سبرتا رائے رہ چکے ہیں۔