یکساں سیول کوڈ، مودی حکومت کو اکھاڑ پھینکے گا: بدر الدین اجمل
آل انڈیا یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) کے صدر مولانا بدر الدین اجمل نے آج یہاں دعویٰ کیا کہ یکساں سیول کوڈ (یو سی سی) نریندر مودی زیرقیادت بی جے پی حکومت کو مرکز سے اکھاڑ پھینکے گا۔

گوہاٹی: آل انڈیا یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) کے صدر مولانا بدر الدین اجمل نے آج یہاں دعویٰ کیا کہ یکساں سیول کوڈ (یو سی سی) نریندر مودی زیرقیادت بی جے پی حکومت کو مرکز سے اکھاڑ پھینکے گا۔
آسام کے رکن لوک سبھا نے زور دے کر کہا کہ دیگر شمال مشرقی ریاستیں بشمول میزورم، میگھالیہ، ناگا لینڈ اور منی پور نے یکساں سیول کوڈ کو مسترد کردیا ہے۔
آخر حکومت اسے کہاں نافذ کرے گی۔ اس کے نتیجہ میں نریندر مودی انتظامیہ گرجائے گا۔ واضح رہے کہ یکساں سیول کوڈ کے تحت تمام ہندوستانی شہریوں کو شادی، طلاق اور وراثت کے معاملہ میں اپنے مذہب، قبیلہ یا دیگر علاقائی رسوم و رواج کو ترک کرتے ہوئے ایک ہی قانون پر عمل کرنا ہوگا۔
اے آئی یو ڈی ایف لیڈر کے مطابق شمال، جنوب، مغرب اور مشرق کے عوام کے درمیان کئی فرق ہیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ مسلمان ایک خدا کو مانتے ہیں، لہٰذا انھیں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے بارے میں پریشان نہیں ہونا چاہیے۔
اجمل نے کہا کہ ہمارا خدا ایک، عقیدہ ایک، نبی ایک اور قرآن ایک ہے، لہٰذا آسام کے تمام مسلمانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ یکساں سیول کوڈ کے بارے میں تبصرہ نہ کریں۔ گزشتہ کئی برسوں سے بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور میں کہا ہے کہ صنفی انصاف کو یقینی بنانے کے لیے یکساں سیول کوڈ نافذ کرنا چاہتی ہے۔