کھیل

اظہرکو 23 جون کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت

حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کیخلاف نلگنڈہ ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن کو ایچ سی اے کے زیراہتمام منعقد ہونے والے لیگ میچوں میں شرکت کی اجازت دیکر عدالتی احکامات کی جان بوجھ کر نافرمانی کرنے پر تلنگانہ ہائی کورٹ نے ایچ سی اے کے صدر محمد اظہر الدین کو 23 جون کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔

حیدرآباد: حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کیخلاف نلگنڈہ ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن کو ایچ سی اے کے زیراہتمام منعقد ہونے والے لیگ میچوں میں شرکت کی اجازت دیکر عدالتی احکامات کی جان بوجھ کر نافرمانی کرنے پر تلنگانہ ہائی کورٹ نے ایچ سی اے کے صدر محمد اظہر الدین کو 23 جون کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔

جسٹس ٹی ونود کمار نلگنڈہ ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن کی طرف سے دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کررہے تھے جس کی نمائندگی سکریٹری سید امین الدین نے کی جنہوں نے ایچ سی اے اور اس کی انتظامی کمیٹی پر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کا الزام لگایا۔

اس سے قبل ہائی کورٹ نے 2021 میں ایچ سی اے کو ہدایت کی تھی کہ نلگنڈہ ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن کو 2021-22 کے لیگ میچوں میں شرکت کی اجازت دی جائے۔

توہین عدالت کی درخواست میں مزید کہاگیاکہ اظہر الدین اور دیگر ارکان نے عدالتی ہدایات کو ماننے سے انکار کردیا اور میڈیا میں ایک پریس ریلیز بھی جاری کی جس میں نلگنڈہ کے کھلاڑیوں سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنی ٹیم تشکیل دینے کیلئے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن آئیں۔

یہ تمام اقدامات جان بوجھ کرکے گئے تھے اور توہین عدالت کے مترادف ہیں۔ واصح رہے کہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے رکن آر وجے انند اس سے قبل ہائی کورٹ میں پیش ہوئے تھے۔

تاہم عدالت توہین عدالت کیس میں اظہر الدین کے جواب سے خوش نہیں تھی۔ اس کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ہائی کورٹ نے انہیں 23 جون کو حاضر ہونے کو کہا۔