مشرق وسطیٰ

امریکی صدر کی جدہ آمد، شاہ سلمان اور ولیعہد سے ملاقات

امریکی صدر جوبائیڈن آج شام سعودی عرب پہنچ گئے۔ دوسری طرف امریکی عہدیداروں نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی قائدین کے ساتھ توانائی کے تحفظ سمیت متعدد امور پر بات چیت کریں گے۔

جدہ: امریکی صدر جوبائیڈن آج شام سعودی عرب پہنچ گئے۔ دوسری طرف امریکی عہدیداروں نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی قائدین کے ساتھ توانائی کے تحفظ سمیت متعدد امور پر بات چیت کریں گے۔

سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر امریکی صدر کا طیارہ جدہ کے شاہ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر اتر گیا، جس کے بعد وہ اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ جدہ کے السلام محل کی طرف روانہ ہوئے، جہاں ولیعہد محمد بن سلمان نے ان کا استقبال کیا۔

امریکی صدر نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے دوبدو ملاقات کی۔ اس موقع پر ولیعہد محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔ امریکی عہدیداروں کے مطابق بائیڈن نے سعودی قیادت سے یمن کے بحران، ایران کے نیوکلیئر پروگرام اور توانائی کی قیمتوں کے معاملہ پر بات چیت کی۔

قبل ازیں جدہ ایئرپورٹ پر امیر مکہ شہزادہ خالد الفیصل اور امریکہ میں متعین سعودی سفیر شہزادی ریما بنت ِ بندر آل سعود نے امریکی صدر کا استقبال کیا۔

سعودی عرب کے دورے کے دوسرے دن صدر بائیڈن جدہ میں علاقائی کانفرنس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ مصر، اردن اور عراقی سمیت خلیجی ممالک کی قیادت سے موجودہ حالات کے تناظر میں علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفت، خطہ کے شراکت داروں کے ساتھ تعاون اور مسلسل ہم آہنگی کی کوششوں کی حمایت کو فروغ دینے پر بات کریں گے۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر بائیڈن سعودی ولیعہد محمد بن سلمان سے دوطرفہ اجلاس میں ملاقات کریں گے۔ مملکت میں صدر بائیڈن کی بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے پہلوؤں پر بات کی جائے گی اور خطہ اور دنیا کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے طریقوں پر تبادلہئ خیال کیا جائے گا۔