حیدرآباد

اپوزیشن جماعتیں سیاسی فائدہ کیلئے بکواس کررہی ہیں: ستیہ وتی راتھوڑ

ستیہ وتی راتھوڑ نے کہا کہ اپوزیشن کو تلنگانہ یا یہاں کے انتظامیہ کے بارے میں بات کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جو خواتین کے لیے سب سے زیادہ فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات نافذ کرتی ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کی وزیر قبائلی بہبود ستیہ وتی راتھوڑ نے ریاست کی اپوزیشن جماعتوں پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ جماعتیں سیاسی فائدے کے لئے بکواس کر رہی ہیں۔ انہوں نے پوچھا کہ تلنگانہ میں تمام عوام کی بہبود کے لئے متعارف کردہ اسکیمات کیا ان اپوزیشن جماعتوں کی برسراقتدار دیگر ریاستوں میں نافذ ہیں؟

انہوں نے برہمی کا اظہار کیا کہ مرکز ملک کی دولت لوٹ کر پرائیویٹ کمپنیوں کو دینے کی سازش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو تلنگانہ یا یہاں کے انتظامیہ کے بارے میں بات کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جو خواتین کے لیے سب سے زیادہ فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات نافذ کرتی ہے۔

 وزیراعلی کے چندرشیکھرراو ریاست کے تمام طبقات کے افراد کو یکساں مانتے ہیں اور ان کی ترقی و بہبود کے لئے اسکیمات شروع کی گئی ہیں تاکہ وہ فخر کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ وزیر ستیہ وتی نے مُلگ ضلع میں بتکماں ساڑیاں تقسیم کیں۔

 انہوں نے کہاکہ بتکماں تہوار کے موقع پر ساڑیوں کی تقسیم کا کام جاری ہے اور ریاست میں 18 سال کی عمر مکمل کرنے والی تمام لڑکیوں کو یہ ساڑیاں دی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال حکومت بتکماں ساڑیوں پر 339 کروڑ روپے خرچ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ10 رنگوں اور 18 ڈیزائنوں میں 200 قسم کی ساڑیاں فراہم کی جارہی ہیں۔