سوشیل میڈیاشمالی بھارت

بھگوان شیوا کے خلاف متنازعہ تبصرہ‘ سادھو کے خلاف مقدمہ

سوامی نارائن فرقہ کے سادھو آنند ساگر نے بھگوان شیوا کے بارے میں متنازعہ بیان دیا ہے، جس پر اس کے خلاف ایک فوجداری مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

راجکوٹ: سوامی نارائن فرقہ کے سادھو آنند ساگر نے بھگوان شیوا کے بارے میں متنازعہ بیان دیا ہے، جس پر اس کے خلاف ایک فوجداری مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

سناتنی برہما سماج نے الزام عائد کیا ہے کہ اپنے پروچن کے دوران سادھو نے بھگوان شیوا کی توہین کرتے ہوئے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

مہر شکلا نے راجکوٹ بی ڈویژن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے اور کہا ہے کہ برہمن برادری کے ارکان جاسمن مادھک، ہاردک پاٹھک، نیرج جوشی اور دیگر کے قبضہ میں سادھو آنند ساگر کا واٹس ایپ ویڈیو کلپ تھا۔

اس ویڈیو کلپ میں سادھو کو اپنے بھکتوں سے یہ کہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ اس کے گرو پربودھ سوامی اس کے ایک چیلے نشیت کے روبرو نمودار ہوئے۔ جب یہ بھکت گیٹ کے پاس ٹھہرا ہوا تھا تو بھگوان شیوا وہاں پہنچے اور بھکت نے ان سے درخواست کی کہ وہ اس کے گرو پربودھ سوامی کا آشیرواد حاصل کریں۔

بھگوان شیوا نے کہا کہ وہ اتنے خوش نصیب نہیں ہیں کہ پربودھ سوامی کا درشن کرسکیں اور انہوں نے نتیش کے پاؤں چھوئے۔ شکایت گزار نے الزام عائد کیا ہے کہ سادھو نے بھگوان شیوا کی توہین کی ہے اور سناتنی برہمنوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ پولیس سب انسپکٹر پی اے گوہل اس کیس کی تحقیقات کررہے ہیں۔