حیدرآباد

تلنگانہ لبریشن ڈے کے بجائے قومی یکجہتی منانے اسد اویسی کا مطالبہ، امیت شاہ کو مکتوب

حیدرآباد کے ایم پی نے امیت شاہ کو ایک مکتوب روانہ کیا جس میں اویسی نے دعویٰ کیا کہ مختلف شاہی ریاستوں کے الحاق اور انضمام کا مقصد آمرانہ حکمرانوں سے نجات دلانا نہیں تھا۔

حیدرآباد: اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو مشورہ دیا کہ وہ17 ستمبر کو تلنگانہ لبریشن ڈے کے بجائے نیشنل انٹیگریشن ڈے کے طور پر منایا جائے۔

 سابق ریاست حیدرآباد کے انڈین یونین میں انضمام کے 75 سال مکمل ہونے پر مرکز کی جانب سے ایک سالہ طویل حیدرآباد اسٹیٹ لبریشن ڈے تقاریب کے اہتمام کے فیصلہ پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے حیدرآباد کے ایم پی نے امیت شاہ کو ایک مکتوب روانہ کیا جس میں اویسی نے دعویٰ کیا کہ مختلف شاہی ریاستوں کے الحاق اور انضمام کا مقصد آمرانہ حکمرانوں سے نجات دلانا نہیں تھا۔

 مزید اہم بات یہ ہے کہ قومی تحریک کے دوران ان افراد نے ان ریاستوں کے عوام کو بجا طورپر آزاد ہندوستان کے اٹوٹ حصہ کے طور پر دیکھا تھا۔ اس لئے 17ستمبر کو یوم نجات کے بجائے یوم قومی یکجہتی کے طور پر منانا زیادہ مناسب رہے گا۔اسد الدین اویسی نے تحریر کردہ مکتوب میں یہ بات کہی۔

 آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر نے اس بات کی نشاندہی کی کہ سابق ریاست حیدرآباد اور مختلف شاہی ریاستوں کے انضمام کے وقت ان ریاستوں (علاقوں) کے عوام کو آخر کار ریاستوں کے یونین کے طور پر ہندوستان کے مساوی شہری کے طور پر تسلیم کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ ان علاقوں کا انضمام اس بات کا ثبوت ہے کہ اس سرزمین کے عوام انگریز حکمرانوں (بالواسطہ) کے خلاف لڑائی لڑی تھی۔ مثال کے طور پر 1857 کی جنگ آزادی میں مولوی علاء الدین اور ترے باز خان اور شہید صحافی شعیب اللہ خان (1948) شامل ہیں۔

بعد میں انہیں، حیدرآباد کو انڈین یونین میں ضم کرنے  کی وکالت پر قتل کردیاگیا تھا۔ اسد الدین اویسی نے مکتوب میں مزید تحریر کیا کہ سابق ریاست کے عام ہندو اور مسلمان، ہندوستان میں جمہوری، سیکولر اور ریپبلکن حکومت کے حامی تھے اس کی عکاسی سندرلال کمیٹی کی رپورٹ سے بھی ملتا ہے۔

حیدرآباد کے انضمام کے بعد صورتحال پر رپورٹ تیار کرنے کیلئے حکومت ہند نے یہ کمیٹی قائم کی تھی۔ کمیٹی نے یہ بھی پایا کہ علاقہ میں عام مسلمانوں پر بڑے پیمانے پر تشدد کیا گیا۔ انہوں نے اپنے مکتوب کے ساتھ کمیٹی کی رپورٹ بھی منسلک کی۔

a3w
a3w