حیدرآباد

رباط کا مسئلہ، چیف منسٹر سے مداخلت کرنے محمد سلیم کی خواہش

محمد سلیم نے کہا کہ آصف جاہی شاہوں نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رباط قائم کرتے ہوئے اپنی ریاست کے عازمین حج و عمرہ کے لئے مفت قیام کی سہولتیں فراہم کی تھیں جو تقریباً ایک صدی سے جاری تھی۔

حیدرآباد: صدرنشین ریاستی حج کمیٹی محمد سلیم نے امسال بھی سابق ریاست حیدرآباد کے عازمین کے لئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رباط کی سہولتوں کی عدم فراہمی کا سخت نوٹ لیتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے مداخلت کرنے اور رباط کی سہولتوں کی بحالی کو یقینی بنانے کی خواہش کی ہے۔

متعلقہ خبریں
طئے شدہ فلائٹس کے شیڈول کو تبدیل نہ کریں: صدرنشین حج کمیٹی
تلنگانہ کے عازمین حج کی حیدرآباد سے جدہ کو روانگی کی تواریخ کا اعلان:محمد سلیم

محمد سلیم نے کہا کہ آصف جاہی شاہوں نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رباط قائم کرتے ہوئے اپنی ریاست کے عازمین حج و عمرہ کے لئے مفت قیام کی سہولتیں فراہم کی تھیں جو تقریباً ایک صدی سے جاری تھی۔

انہوں نے کہا کہ پانچویں نظام افضل الدولہ نے مکہ مکرمہ میں اراضیات خریدکر وہاں رباط قائم کئے تھے۔ حرمین شریفین میں جملہ 42 رباط تھے مگر اب بمشکل 2-3 رباط بچ رہ گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی توسیع اور مکہ مکرمہ شہر کے فروغ میں وہاں کی مقامی مجلس بلدیہ نے جائیدادیں حاصل کرلی تھیں اور ان کا خطیر معاوضہ جمع کروادیا تھا۔

چونکہ ان رباطوں کی نوعیت اوقافی تھی اس لئے رقم کی حوالگی میں شرعی و قانونی دشواریاں حائل تھیں۔ حرمین شریفین میں قائم رباطوں کا نظم ایک عرصہ تک نظام اوقاف کمیٹی کے ہاتھوں میں تھا مگر گزشتہ چند برسوں سے ان رباطوں کے ناظم مسٹر حسین شریف نے نظام اوقاف کے رول کو کم کردیا اور وہاں کے مقامی قوانین کا فائدہ اٹھا کر سب کچھ اپنے ہاتھوں میں کرلیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عازمین کے ان رباطوں میں قیام کے سلسلہ میں انہوں نے مسٹر حسین شریف سے ربط قائم کرنے کی بارہا کوشش کی مگر انہیں ناکامی سامنا کرنا پڑا۔ مسٹر محمد سلیم نے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ وہ اس اہم ترین مسئلہ میں مداخلت کرتے ہوئے وقف بورڈ، حج کمیٹی اور نظام اوقاف کمیٹی کے عہدیداروں کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کریں اور بھارتی سفارت خانہ کو اس میں ملوث کرتے ہوئے رباطوں کا مسئلہ حل کریں۔