کھیل

رسل اور سنیل نارائن کا اخراج۔لوئیس کی واپسی

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا میں ہونے والے آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا۔

سینٹ کٹس: ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا میں ہونے والے آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا۔

نکولاس پوران کی قیادت میں بورڈ نے 15 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جس میں آندرے رسل اور سنیل نارائن جیسے نام شامل نہیں ہیں۔ اس بار ویسٹ انڈیز نے تجربہ کار کھلاڑیوں کے بجائے نوجوان کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

اکثر دیکھا گیا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے مضبوط کھلاڑی سال بھر مختلف لیگز میں کھیلتے ہیں اور جب بھی آئی سی سی کا کوئی ایونٹ آتا ہے تو انہیں ٹیم میں شامل کیا جاتاہے لیکن اس بار بورڈ نے ایسا نہیں کیا۔ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم اس سال پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اپنے پانچ اہم ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کے بغیر کھیلے گی جن میں سے دو 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے ٹیم کا حصہ ہیں۔

کریس گیل اور براوو وہ دو کھلاڑی ہیں جو 2007 کے ورلڈ کپ سے 2021 تک ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ یہ دونوں کھلاڑی اب تک تمام ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیل چکے ہیں۔ اس سال یہ پہلا موقع ہوگا جب یہ دونوں کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

اگرچہ ڈوین براوو نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے تاہم کرس گیل نے ابھی تک ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ دونوں لیجنڈز نے اپنا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 2021 ورلڈکپ کے دوران کھیلا تھا۔ اس فہرست میں ایک نام سابق کپتان کیرون پولارڈ کا بھی ہے۔

یہ آل راؤنڈر گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا حصہ تھے۔ 34 سالہ پولارڈ نے اس سال اچانک بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کیلئے 101 ٹی ٹوئنٹی میاچس کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 1569 رنز بنانے کے ساتھ 42 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

رسل اور نارائن دو ایسے کھلاڑی ہیں جن کے نام ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اسکواڈ میں نظر نہیں آتے۔ بورڈ نے ان کھلاڑیوں کو اپنے 15 کھلاڑیوں میں جگہ نہیں دی جنہوں نے دنیا بھر کی ٹی 20 لیگز میں بڑا فرق کیاہے۔ اس وقت دونوں سی پی ایل میں کھیل رہے ہیں۔

رسل 2012، 2014، 2016 اور 2021 کے ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کیلئے کھیل چکے ہیں جبکہ سنیل نارائن صرف 2012 اور 2014 ورلڈکپ ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ اسی دوران سلکشن کمیٹی کے ایک رکن نے بتایاکہ سینئر کھلاڑیوں کا اب ٹیم میں کوئی کردار نہیں ہے ہم نوجوانوں پر بھروسہ کررہے ہیں۔