حیدرآباد

سخت سیکوریٹی کے درمیان منورفاروقی کے شوکا کامیاب انعقاد

شو شروع ہونے سے قبل آڈیٹوریم کے باہرٹکٹ خریدنے کے لئے عوام کی بہت بڑی تعدادکوقطار میں کھڑے دیکھاگیا۔ پولیس نے منتظمین کو مقررہ وقت (6بجے شام) سے ایک گھنٹہ قبل شوشروع کرنے کی ہدایت دی۔

حیدرآباد: کامیڈین منور فاروقی‘بالاآخرشہرمیں اپنا شوپیش کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ہفتہ کے روز شام میں پولیس نے بی جے وائی ایم کے کم وبیش 50 کارکنوں کواس وقت گرفتار کرلیا جبکہ یہ احتجاجی کامیڈین منورفاروقی کے شومیں خلل ڈالنے کی کوشش کررہے تھے۔

بی جے وائی ایم کے ورکرس‘شلپاکلاویدیکاجہاں فاروقی کا شو جاری تھا‘کی سمت بڑھنے کی کوشش کررہے تھے لیکن پولیس نے انہیں آگے جانے سے روک دیا۔نعرے لگاتے ہوئے احتجاجی پولیس کے گھیرے کوتوڑکر مقام شومیں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے تاہم پولیس نے ان کی اس کوشش کوناکام بنادیا۔

پولیس نے ان احتجاجیوں کوگاڑی میں بٹھاکر گچی باؤلی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔آڈیٹوریم کے سامنے احتجاج سے آئی ٹی ہب مادھاپور میں ہلکی کشیدگی پھیل گئی اور ٹرافک میں خلل پڑا۔ سخت سیکوریٹی کے درمیان فاروقی کا شو”ڈونگری ٹونووئیر“ منعقد ہوا۔

شو شروع ہونے سے قبل آڈیٹوریم کے باہرٹکٹ خریدنے کے لئے عوام کی بہت بڑی تعدادکوقطار میں کھڑے دیکھاگیا۔ پولیس نے منتظمین کو مقررہ وقت (6بجے شام) سے ایک گھنٹہ قبل شوشروع کرنے کی ہدایت دی۔بتایاجاتاہے کہ شو9 بجے شب تک جاری رہا۔بی جے پی اور دائیں بازوکے گروپ کی دھمکی کے بعد سائبرآباد پولیس نے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔

ویدیکا کے اطراف تقریباً 500 پولیس جوانوں کوتعینات کیاگیا جبکہ ٹکٹ رکھنے والے افراد کوسخت تلاشی کے بعد اندرجانے کی اجازت دی گئی۔ شوکے مقام پرپولیس کی سیکوریٹی سخت تھی اور کسی بھی ناخوشگوارواقعہ سے نمٹنے کے لئے مصروف ترین روڈ پر بھی پولیس کوچوکس کردیا گیاتھا۔

آن لائن ٹکٹ خریداروں پربھی پولیس نے نظررکھی کیو نکہ ایسی اطلاعات تھیں کہ بی جے پی کے چند قائدین نے آن لائن ٹکٹ خریدکر آڈیٹوریم میں داخل ہوکر شومیں گڑبڑ پیدا کرنے کی سازش تیار کی تھی۔ بتایا جاتاہے کہ پولیس نے احتیاطاً بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو گھر پر بند کردیا کیونکہ انہوں نے مقام شو کو نذر آتش کرنے کی دھمکی دی تھی۔