شمال مشرق

منی پور اسمبلی میں آبادی کمیشن کے قیام اور این آر سی پر قرارداد منظور

چیف منسٹر این بیرن سنگھ نے قرارداد پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں آبادی کمیشن کا قیام اور این آر سی پر عمل آوری سے ایوان کے تمام ارکان کے اجتماعی مفاد کی تکمیل ہوسکتی ہے۔

اگرتلہ: منی پور اسمبلی میں ریاستی آبادی کمیشن کے قیام اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس (این آر سی) پر عمل آوری کے لیے ایک رکن کی پیش کردہ خانگی قرارداد کو متفقہ منظوری دی گئی۔ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے آخری دن جنتا دل (یو) کے رکن اسمبلی کے ایچ جوے کشن کی جانب سے یہ قرارداد پیش کی گئی تھی۔

 انہوں نے ادّعا پیش کیا کہ سال 1971ء اور 2001ء کے درمیان ریاست کے پہاڑی علاقوں کی آبادی میں 153.3 فیصد اضافہ ہوا ہے اور 2001-2011ء کے دوران 250.9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وادی کے علاقوں میں 1971ء اور 2001ء کے دوران آبادی میں 94.8 فیصد اور 2001ء تا 2011ء کے دوران 125 فیصد اضافہ درج ہوا ہے۔ جنتا دل (یو) کے رکن اسمبلی نے منی پور میں بیرونی شہریوں کی مبینہ دراندازی پر تشویش ظاہر کی۔

 انہوں نے ادّعا پیش کیا کہ وادی کے اضلاع سے پہاڑی علاقوں میں عوام کے بود و باش اختیار کرنے پر امتناع ہے اور خصوصیت کے ساتھ پہاڑی علاقوں کی آبادی میں شدید اضافہ کے لیے بیرونی افراد کی دراندازی ہی ذمہ دار ہے۔ منی پور کی سرحد سے ماینمار کی سرحد متصلہ ہے۔

 چیف منسٹر این بیرن سنگھ نے قرارداد پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں آبادی کمیشن کا قیام اور این آر سی پر عمل آوری سے ایوان کے تمام ارکان کے اجتماعی مفاد کی تکمیل ہوسکتی ہے۔

 درایں اثنا کئی شہری اداروں نے شمال مشرقی ریاست میں غیرقانونی تارکین وطن کی نشاندہی کرنے تاریخ مقرر کرنے کیا مطالبہ کیا ہے۔