کھیل

میری کام، سندھو، میرا بائی، کیشون‘ ایتھلیٹ کمیشن کیلئے منتخب

پانچ بار کی ورلڈ چمپئن باکسر ایم سی میری کام، دو بار کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو اور اولمپین کھلاڑی شیوا کیشون کو پیر کو یہاں منعقدہ انتخاب میں آئی او اے ایتھلیٹ کمیشن کے ارکان کے طور پر بلامقابلہ منتخب کرلیا گیا۔

نئی دہلی: پانچ بار کی ورلڈ چمپئن باکسر ایم سی میری کام، دو بار کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو اور اولمپین کھلاڑی شیوا کیشون کو پیر کو یہاں منعقدہ انتخاب میں آئی او اے ایتھلیٹ کمیشن کے ارکان کے طور پر بلامقابلہ منتخب کرلیا گیا۔

کمیشن میں منتخب کردہ دس کھلاڑیوں میں ٹوکیو اولمپک سلور میڈلسٹ ویٹ لفٹر میرا بائی چانو،2012 کے اولمپک برانز میڈلسٹ گگن نارنگ، ٹیبل ٹینس کھلاڑی انچتا شرد کمل، ہاکی کھلاڑی رانی رام پال، سائکلسٹ بھوانی دیوی، روور بجرنگ لال اور سابق شوٹ پٹ کھلاڑی او بھی کرہانا شامل ہیں۔

دس کھلاڑیوں میں سے پانچ خواتین ہیں اور سبھی اولمپئن ہیں۔ صرف کیشون ونٹر اولمپئن ہیں۔ صرف دس کھلاڑیوں نے ہی نامزدگی داخل کی تھی اور آئی او اے الیکشن میں الیکٹورل عہدیدار اُمیش سنہا نے سبھی کو بلامقابلہ منتخب قرار دیا۔

ہندوستان کے پہلے اولمپک انفرادی گولڈ میڈل فاتح نشانے باز ابھینو بندرا اور سابق ہاکی کپتان سردار سنگھ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور ایشیائی اولمپک کونسل کے رکن کے طور پر کمیشن میں شامل ہوں گے۔ دونوں کو رائے دہی کا حق ہوگا۔

بندرا کو 2018 میں آٹھ سال کے لیے آئی او سی ایتھلٹ کمیشن کا رکن منتخب گیا تھا جبکہ سردار 2019ء میں چار سال کے لیے او سی اے ایتھلیٹ کمیشن کے رکن بنے۔ انڈین اولمپک اسوسی ایشن کے نئے دستور کے تحت کمیشن میں خاتون اور مرد نمائندے مساوی تعداد میں ہونے چاہیے۔ کمیشن کے دو ارکان آئی او اے عاملہ کونسل میں ہوں گے جس کا انتخاب دسمبر میں منعقد شدنی ہے۔