تلنگانہ

ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی۔ اکزٹ پولس کی پیش قیاسی

حلقہ اسمبلی منگوڈکے ضمنی الیکشن میں رائے دہی کے پرامن اختتام کے بعد مختلف اکزٹ پولس نے ٹی آرایس کی بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے۔

حیدرآباد: حلقہ اسمبلی منگوڈکے ضمنی الیکشن میں رائے دہی کے پرامن اختتام کے بعد مختلف اکزٹ پولس نے ٹی آرایس کی بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے۔

سیاسی وابستگی کے قطع نظرمختلف اکزٹ پولیس میں کہا گیا ہے کہ حکمراں جماعت ٹی آرایس کو 40 فیصد ووٹ حاصل ہوں گے جو اس کی جیت کی ضمانت ہے۔ بی جے پی اورکانگریس کو بالترتیب دوسرا اور تیسرا مقام حاصل ہوگا۔

ایس اے ایس گروپ کے مطابق ٹی آرایس کا ووٹشیئر41 سے 42 فیصد رہے گا جبکہ بی جے پی کو35تا36فیصد ووٹ حاصل ہوں گے اسی طرح کانگریس کو16.5 سے 17.5 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ہے۔

آرگنائزیشن کی پیش قیاسی کے مطابق اگررائے دہی کا تناسب87اور88فیصد کے درمیان رہتا ہے تو ٹی آرایس‘12ہزار یا 12ہزار 500 کے بھاری فرق سے کامیابی حاصل کرے گی۔

جنم ساکشی نے اپنے اکزٹ پول میں ٹی آرایس کو12ہزار سے 15ہزار کی اکثریت سے کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے۔ایک اور ایجنسی ایچ ایم آر نے پیش قیاسی کی کہ گلابی پارٹی کا ووٹ شیئر42.13 فیصد رہے گا۔

بی جے پی اورکانگریس کاووٹ شیئربالترتیب 31.98اور21.06 فیصد رہے گا۔ تھرڈویژن ریسرچ اینڈسرویس نے پیش قیاسی کی ہے کہ حکمراں جماعت ٹی آرایس کو واضح فرق کے ساتھ کامیابی ملے گی۔

اس نے کہاکہ ٹی آرایس کو48 سے 51 فیصد ووٹ حاصل ہوں گے جبکہ بی جے پی کو31 سے 35اورکانگریس کو13سے 15 فیصد ووٹ مل پائیں گے۔ترشول کنسلٹنگ سرویسس نے بھی ٹی آرایس کی کامیابی کی پیش قیاسی کی۔