ایشیاءسوشیل میڈیا

پاکستان میں احمدیوں کی عبادت گاہ سے مینار ہٹادیا گیا

پاکستانی حکام نے گجرانوالا کے باغبان پورہ علاقہ میں گزشتہ ہفتہ ایک احمدی عبادت گاہ سے مینار ہٹادینے کا حکم دیا۔

نئی دہلی: پاکستانی حکام نے گجرانوالا کے باغبان پورہ علاقہ میں گزشتہ ہفتہ ایک احمدی عبادت گاہ سے مینار ہٹادینے کا حکم دیا۔

فرقہ احمدیہ کے نمائندوں کے بموجب 7 دسمبر کو مینار ہٹانے سے قبل پولیس نے گلی کو گھیرلیا اور لائٹس بند کردیں۔ ڈان نے یہ اطلاع دی۔

بعض مذہبی تنظیمیں گزشتہ ایک سال سے مطالبہ کررہی تھیں کہ عمارت کی فرنٹ سائیڈ پر بنا مینار ہٹادیا جائے کیونکہ قانون کی رو سے احمدی اپنی عبادت گاہ ایسی نہیں بناسکتے جو مسجد جیسی دکھائی دیتی ہو۔

احمدیوں نے سرکاری نظم ونسق کے کہنے پر مینار کو اسٹیل شیٹس سے ڈھک دیا تھا۔

حکام نے فرقہ احمدیہ کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کی اور کہا کہ مینار ہٹانے کے سوا اور کوئی چارہ نہیں کیونکہ شہر میں جذبات بھڑکتے جارہے ہیں اور حالات قابو سے باہر ہوسکتے ہیں۔