شمال مشرق

چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان کی شادی

انہوں نے 2015میں اپنی پہلی بیوی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ پہلی بیوی سے ان کے 2 بچے 21 سالہ لڑکی سیرت کور اور 17 سالہ لڑکا دلشان ہیں۔ سیکٹر 2 میں چیف منسٹر کی قیام گاہ پر سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے تھے۔

چندی گڑھ: چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان نے آج اپنی رہائش گاہ پر کروکشیتر کی ایک ڈاکٹر کے ساتھ شادی کرلی۔ یہ ایک نجی تقریب تھی جس میں بھیڑبھاڑ نہیں تھی اور یہ روایتی دھوم دھام والی ہندوستانی شادیوں سے مختلف تھی۔ شادی کے بارے میں زیادہ تفصیلات دستیاب ہیں تاہم ٹیلی ویژن اور ٹویٹر پر پیش کردہ مناظر میں بھگونت مان اور ان کی شریک حیات کو آنند کرج تقریب میں حصہ لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

دُلہن سرخ لباس میں ملبوس ہیں۔ عام آدمی پارٹی میں بھگونت مان کے ساتھی راگھو چڈھا نے بھی چند تصاویر شیئر کی ہیں جس میں بھگونت مان اپنی روایتی زرد پگڑی اور سنہرے رنگ کے کرتاپاجامہ میں ملبوس دیکھے جاسکتے ہیں۔

ان کے ساتھ پارٹی صدر اروند کجریوال اور دیگر افراد بھی موجود ہیں۔48 سالہ مان‘ ریاست کے پہلے چیف منسٹر ہیں جو عہدہ پر رہتے ہوئے شادی کررہے ہیں۔ وہ ہریانہ کے کروکشیتر کی ڈاکٹر گرپریت کور کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔ یہ بھگونت مان کی دوسری شادی ہے۔

 انہوں نے 2015میں اپنی پہلی بیوی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ پہلی بیوی سے ان کے 2 بچے 21 سالہ لڑکی سیرت کور اور 17 سالہ لڑکا دلشان ہیں۔ سیکٹر 2 میں چیف منسٹر کی قیام گاہ پر سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ 30 سالہ گرپریت کور نے ٹویٹر پر اپنی تصویر شیئر کی اور کہا کہ شادی کا دن آگیا ہے۔

انہوں نے عام آدمی پارٹی کے قائدین کی مبارکباد پر بھی اظہار ِ تشکر کیا۔ سکھ رسم ورواج کے مطابق انجام پائی اس شادی میں بھگونت مان کی والدہ اور بہن اور چند مہمانوں بشمول اروند کجریوال اور ان کے ارکان ِ خاندان نے شرکت کی۔

کجریوال نے ایرپورٹ پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ آج بے حد خوشی کا دن ہے۔ میرے چھوٹے بھائی چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان جی شادی اور ایک نئی شروعات کررہے ہیں۔