اترپردیش میں 7 ہزار غیرمسلمہ مدارس کی نشاندہی
صدرنشین اترپردیش بورڈ آف مدرسہ ایجوکیشن نے کہا کہ حقیقی تعداد کا پتہ چلانے ابھی وقت لگے گا لیکن ہمارا اندازہ ہے کہ 7500 کے آس پاس ایسے مدرسے ہیں جن کا جمعرات کی شام تک 75 اضلاع میں ٹیموں نے سروے کیا۔

لکھنو: اترپردیش میں ریاستی حکومت کے حالیہ سروے میں 7 ہزار سے زائد غیرمسلمہ مدارس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ یہ سروے حکومت کی شرائط پر پورا اترنے پر غیرمسلمہ مدارس کو مسلمہ حیثیت دینے کے لئے کیا جارہا ہے۔ غیرمسلمہ مدارس کی قطعی فہرست 15 نومبر تک ضلع مجسٹریٹس کی رپورٹس ملنے کے بعد جاری ہوگی۔
صدرنشین اترپردیش بورڈ آف مدرسہ ایجوکیشن نے کہا کہ حقیقی تعداد کا پتہ چلانے ابھی وقت لگے گا لیکن ہمارا اندازہ ہے کہ 7500 کے آس پاس ایسے مدرسے ہیں جن کا جمعرات کی شام تک 75 اضلاع میں ٹیموں نے سروے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں 16,513 مسلمہ مدارس ہیں جن میں 560 کی سرکاری گرانٹ (ملازمین تدریسی و غیرتدریسی کو تنخواہ) ملتی ہے۔ 350 مدرسے ایسے ہیں جہاں طلبا کی تعداد 15سے کم ہے۔ 560 مدارس کے اساتذہ کو مرکزی حکومت کے سکنڈری اسکولوں کے مساوی پے اسکیل ملتا ہے۔
غیرمسلمہ مدارس کو اب بورڈ کی مسلمہ حیثیت مل جائے گی بشرطیکہ وہ بنیادی سہولتوں جیسے کلاس روم‘ میز کرسی‘ بنچ‘ روشنی‘ پنکھے‘ ٹائلٹس وغیرہ کی شرائط پوری کریں۔ یہ مدرسے تدریسی وغیرتدریسی عملہ کی تنخواہوں کے لئے بھی درخواست دے سکیں گے۔
سرکاری ترجمان کے بموجب گورکھپور میں 150‘ لکھنو میں 100‘ اعظم گڑھ میں 100‘ وارانسی میں 100‘ مؤ میں 100‘ علی گڑھ میں 90‘ کانپور میں 85‘ پریاگ راج میں 70 اور آگرہ میں 35 غیرسرکاری مدرسے ہیں۔