کرناٹک

کرناٹک کی بی جے پی قیادت سے امیت شاہ ناراض

چیف منسٹر بومئی کو ریاست میں امن و یکجہتی برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی کیوں کہ یہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں اہم کردار ادا کریں گے۔ چیف منسٹر کو ہندو کارکنوں کے قتل کے پس پردہ طاقتوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔

بنگلورو: مرکزی وزیر داخلہ و امداد باہمی امیت شاہ نے کرناٹک بی جے پی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں برہم پارٹی کارکنوں کا غصہ ٹھنڈا کرکے اگلے اسمبلی انتخابات پر توجہ دینے کی ہدایت دی۔ ذرائع نے کہا کہ شاہ نے کہا کہ پارٹی قائدین کو ہندو کارکنوں کی ہلاکتوں کے بعد بی جے پی کارکنوں کے غم و غصہ پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔

انہوں نے انہیں‘ کارکنوں کے غصہ کو ٹھنڈا کرنے اور انہیں پارٹی کے لیے کام کرنے کے لیے تیار کرنے کے لیے جراتمندانہ فیصلے لینے کی ہدایت دی کیوں کہ انتخابات تیزی سے قریب آرہے ہیں۔

چیف منسٹر بسواراج بومئی، ریاستی صدر نلن کمار کتیل، ریاستی بی جے پی کے تنظیمی جنرل سکریٹری راجیش کنٹورو، قومی جنرل سکریٹری اور بی جے پی رکن اسمبلی سی ٹی روی بھی اس رازدارانہ اجلاس میں شریک تھے۔ ذرائع نے کہا کہ امیت شاہ نے پارٹی کارکنان کو کمزور کرنے والے ریاستی بی جے پی قائدین کے بیانات پر ناراضگی ظاہر کی جس سے وہ (کارکنان) مزید مشتعل ہوگئے۔

 پروین کمار نیترے کے قتل کے بعد بی جے پی یووا مورچہ کے ارکان کے اجتماعی استعفوں پر بھی اجلاس میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے کہا کہ امیت شاہ ریاست میں نظم و ضبط کی برقراری  اور اقلیتی طبقہ کے افراد کی سیاسی ہلاکتوں کو بھی سنجیدگی سے لینے کی ہدایت دی۔

چیف منسٹر بومئی کو ریاست میں امن و یکجہتی برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی کیوں کہ یہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں اہم کردار ادا کریں گے۔ چیف منسٹر کو ہندو کارکنوں کے قتل کے پس پردہ طاقتوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں کانگریس پارٹی کے اجتماعی قیادت میں الیکشن لڑنے کے فیصلے اور اس کے بعد پارٹی میں داخلی جنگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔