آندھرا پردیش میں کووڈ-19 کے 12 کیسز، 4 اموات
حکام نے بتایا کہ متاثرہ افراد میں سے دو مریض پہلے سے متاثرہ افراد کے قریبی رابطے میں تھے
امراوتی : آندھرا پردیش میں ایک بار پھر کووڈ-19 کے نئے کیسز سامنے آنے لگے ہیں، جہاں اب تک وائرس کے 12 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 4 مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے۔
تاہم محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ ریاست میں کسی بھی قسم کا کلسٹر آؤٹ بریک سامنے نہیں آیا اور عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ وائرس کی موجودہ قسم (ویریئنٹ) کی شناخت کے لیے 5 نمونے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی (NIV)، پونے بھیجے گئے ہیں تاکہ ان کی جینوم سیکوینسنگ کی جا سکے۔
محکمہ صحت، طبی خدمات اور خاندانی بہبود کے سکریٹری و کمشنر ویرا پانڈیان نے بتایا کہ تمام کیسز ریاست کے مختلف اضلاع سے الگ الگ رپورٹ ہوئے ہیں اور کسی ایک علاقے میں وائرس کے اجتماعی پھیلاؤ کے شواہد نہیں ملے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام سرکاری و نجی اسپتالوں اور طبی عملے کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
رواں سال آندھرا پردیش میں کووڈ-19 کا پہلا کیس 26 جون کو ضلع کڑپہ میں سامنے آیا تھا، جبکہ یکم جولائی سے 16 جولائی کے درمیان مزید 11 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 12 ہو گئی۔ اضلاع کے لحاظ سے کڑپہ میں 8، گنٹور میں 2، وشاکھاپٹنم میں ایک اور کاکیناڈا میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق تمام متاثرہ افراد مختلف علاقوں اور منڈلوں سے تعلق رکھتے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وائرس کسی مخصوص مقام پر اجتماعی طور پر نہیں پھیلا۔
حکام نے بتایا کہ متاثرہ افراد میں سے دو مریض پہلے سے متاثرہ افراد کے قریبی رابطے میں تھے۔ 26 جون سے 15 جولائی کے دوران ریاست میں مجموعی طور پر 67 کووڈ ٹیسٹ کیے گئے، جن میں 11 مثبت آئے، جبکہ ایک اور مریض، جو کاکیناڈا کا رہائشی تھا، نے تمل ناڈو کے سی ایم سی ویلور اسپتال میں ٹیسٹ کروایا جہاں اس کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد ریاست میں کل کیسز کی تعداد 12 ہو گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق کڑپہ کے تین اور کاکیناڈا کے ایک مریضکا انتقال ہوا، تاہم چاروں افراد پہلے سے ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، گردوں کی بیماری اور دیگر سنگین دائمی امراض میں مبتلا تھے۔
حکام نے واضح کیا کہ ان اموات کی بنیادی وجہ صرف کووڈ-19 نہیں بلکہ مریضوں کی پہلے سے موجود پیچیدہ طبی حالتیں بھی تھیں۔ موجودہ صورتحال کے مطابق تین مریض ہوم آئسولیشن میں ہیں، دو اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ تین مریض صحت یاب ہو کر اسپتال سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
ویرا پانڈیان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں، علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی مشورہ حاصل کریں، ضرورت پڑنے پر ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری خوف و ہراس سے گریز کریں۔
ملک گیر صورتحال پر نظر ڈالیں تو یکم جولائی سے اب تک بھارت میں مجموعی طور پر 339 کووڈ-19 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ان میں کیرالہ 115 کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ کرناٹک 64، مہاراشٹر 43، تمل ناڈو 39، انڈمان و نکوبار جزائر 18، دہلی 18 اور راجستھان 12 کیسزکے ساتھ شامل ہیں، جبکہ دیگر چند ریاستوں سے بھی محدود تعداد میں نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔