نااہل افراد کا انتخاب،ریاست کی ترقی کا عمل متاثر ہوگا۔ عوام کو چیف منسٹر کا انتباہ
بی آر ایس سربراہ و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ نااہل افراد کے انتخاب سے ریاست کی ترقی کا عمل متاثر ہوگا۔

حیدرآباد: بی آر ایس سربراہ و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ نااہل افراد کے انتخاب سے ریاست کی ترقی کا عمل متاثر ہوگا۔
آج سرپور اور آصف آباد میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ 2014 میں تشکیل تلنگانہ سے پہلے یہ علاقہ پانی کی قلت، برقی کی عدم سربراہی، کسانوں کی خود کشی، فاقہ کشی اور نقل مکانی کیلئے جانا جاتا تھا، ریاست کے قیام اور بی آر ایس حکومت کی تشکیل کے بعد ان تمام مسائل کو ایک کے بعد دیگر حل کردیا گیا۔
آج ریاست کا شمار ملک کی اُس واحد ریاست کے طور پر کیا جاتا ہے، جہاں نلوں کے ذریعہ صاف اور شفاف پانی سربراہ کیا جارہا ہے ریاست میں زراعت، صنعتوں اور گھریلو استعمال کے لئے24گھنٹے برقی سربراہ کی جارہی ہے، سوشل سیکوریٹی کو یقینی بنانے کیلئے پنشن دئیے جارہے ہیں۔
کانگریس پر زراعت کیلئے 3گھنٹہ برقی سربراہی کو کافی قرار دینے کے بیان کو کسان سے مذاق قرار دیتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ کانگریس کی نظر میں رعیتو بندھورقومات کو ضائع کرنا ہے۔
انہوں نے عوام کو کیا اچھا ہے اور کیا برُا ہے کے متعلق خود فیصلہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ تلنگانہ کا مذاق اڑایا ہمیشہ عوام کے جذبات کا استحصال کیا۔
کانگریس نے ریاست حیدرآباد کو زبردستی آندھرامیں ضم کردیا تھا، کانگریس کو دھوکہ باز پارٹی قرار دیتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ2004 میں تشکیل تلنگانہ کا وعدہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس سے اتحاد کیا گیا مگر ہمیشہ کی طرح دھوکہ دیا گیا۔
2014میں جب سارا تلنگانہ سماج سراپا احتجاج بن گیا، کانگریس تشکیل تلنگانہ کیلئے مجبور ہوگئی۔ اب دس سال بعد تلنگانہ کی ترقی کو ہضم کرنے سے قاصر کانگریس عوام سے ایک بار موقع دینے کے نام پر پھر دھوکہ دینے کا منصوبہ لے کر سامنے آرہی ہے۔ انہوں نے عوام کو کانگریس سے چوکنا رہنے کا مشورہ دیا۔