رشوت مانگنے والے عہدیدار کے گلے میں نوٹوں کا ہارڈال دیاگیا،تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں انوکھاواقعہ
رشوت کی طلبی پر عموماعہدیدار کے خلاف محکمہ انسداد رشوت ستانی(اے سی بی)سے شکایت کی جاتی ہے تاہم تلنگانہ میں پیش آیا ایک عجیب وغریب واقعہ ان دنوں سوشیل میڈیا پر کافی وائرل ہورہا ہے۔

حیدرآباد: رشوت کی طلبی پر عموماعہدیدار کے خلاف محکمہ انسداد رشوت ستانی(اے سی بی)سے شکایت کی جاتی ہے تاہم تلنگانہ میں پیش آیا ایک عجیب وغریب واقعہ ان دنوں سوشیل میڈیا پر کافی وائرل ہورہا ہے۔
اس میں ماہی گیروں کے ایک گروپ نے رشوت کی رقم کی طلبی پر ایک عہدیدار کو نوٹوں کا ہارپہنایا اور اس کی تصویرلے لی۔یہ تصویر جلد ہی سوشیل میڈیا پر عام ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق جگتیال ضلع کلکٹریٹ میں میڈی پلی منڈل کے کلواکوٹ گاوں سے تعلق رکھنے والے ماہی گیر،اپنی سوسائٹی کے قیام کی اجازت دینے گزشتہ کئی دنوں سے محکمہ سمکیات کے دفتر کے چکرلگارہے تھے اوردامودرنامی عہدیدارسے اس سلسلہ میں کئی مرتبہ درخواست بھی کرچکے تھے تاہم اس عہدیدار نے ان ماہی گیروں سے ان کے کام کے لئے 50 ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا۔
اس پر برہم ماہی گیر عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے ہر پیر کو معقد ہونے والے پرجاوانی پروگرام کے دوران کلکٹریٹ پہنچ گئے اور اس خصوص میں ضلع کلکٹر سے شکایت کی۔
پروگرام کے اختتام کے ساتھ ہی جیسے ہی عہدیدار دامودر باہر آیا،ماہی گیروں کے ایک گروپ نے اس پر برہمی ظاہر کی ان میں سے ایک شخص نے نوٹوں سے تیار کردہ ہار زبردستی اس کے گلے میں ڈال دیا۔
اس واقعہ کی اطلاع پر ضلع کلکٹر نے معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے کاروائی کرنے کا وعدہ کیا۔