حیدرآباد میں مانسون کی پہلی شدید بارش، موسم خوشگوار تاہم عام زندگی متاثر، تلنگانہ بھر میں ایلو الرٹ جاری
شہر کے کئی مقامات پر شدید بارش ہوئی اور بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔ جہاں شدید بارش ہوئی وہاں کے علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک نظام متاثر ہونے سے گاڑی رانوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر کے کئی علاقوں میں گھنٹوں ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔

حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں چہارشنبہ کی شام مانسون کی پہلی زبردست بارش ہوئی جس کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا تاہم معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے۔
شہر کے کئی مقامات پر شدید بارش ہوئی اور بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔ جہاں شدید بارش ہوئی وہاں کے علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک نظام متاثر ہونے سے گاڑی رانوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر کے کئی علاقوں میں گھنٹوں ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔
دوپہر کے وقت کاپرا، اپل، ناچارم، ملاپور اور دمائی گوڈا جیسے علاقوں میں بارش ہوئی۔ شام ہوتے ہی آسمان پر گہرے بادل چھا گئے اور کچھ ہی دیر میں شہر کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش شروع ہوگئی۔
تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی (TSDPS) کے مطابق شام 6 بجے تک سب سے زیادہ بارش نامپلی میں 72.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے بعد خیریت آباد میں 62.5 ملی میٹر، بندلہ گوڑا اور آصف نگر میں 50.8 ملی میٹر اور شیخ پیٹ میں 44.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
شہر کے دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی جن میں رامنتا پور، باچوپلی، ایل بی نگر، کوکٹ پلی، ہائی ٹیک سٹی، مادھا پور، گچی باؤلی، بنجارہ ہلز، دلسکھ نگر، ونستھلی پورم، میاں پور، یوسف گوڑا، جوبلی ہلز، نانک رام گوڑا اور دیگر شامل ہیں۔
موسلا دھار بارش کی وجہ سے نئے اور پرانے شہر کی کئی سڑکیں زیر آب آ گئیں۔ الجبیل کالونی، تالب کٹہ، بلال نگر، تاڑبن، بی بی بازار، میر کا دائرہ، یاقوت پورہ، دھوبی گھاٹ، دبیر پورہ دروازہ وغیرہ سے سڑکوں پر پانی بھر جانے کی شکایات موصول ہوئیں۔
گاڑیوں کو چار فٹ پانی سے گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تالاب کٹہ، مولا کا چھلہ، بھوانی نگر، یاقوت پورہ، چادر گھاٹ اور چنچل گوڑہ میں سڑکوں پر پانی کے بہاؤ کی وجہ سے دکانوں کے سامنے کھڑی گاڑیاں بہہ گئیں۔
محکمہ موسمیات نے چارمینار، خیریت آباد، کوکٹ پلی، ایل بی نگر، سکندرآباد اور شیری لنگم پلی زون میں بارش کی پیشین گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حیدرآباد اور آس پاس کے علاقوں میں آسمان ابر آلود ہے اور آج رات کے علاوہ جمعرات کو بھی شہر میں گرج و چمک کے ساتھ ہلکی سے اوسط بارش ہوگی جبکہ تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
آج کم سے کم درجہ حرارت 24.6 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
مزید برآں تلنگانہ اضلاع جیسے عادل آباد، بھدرادری کوتہ گوڑم، ہنمکنڈہ، حیدرآباد، جگتیال، جئے شنکر بھوپال پلی، جوگولامبا گدوال، کاماریڈی، کریم نگر، کھمم، کومرم بھیم آصف آباد، محبوب آباد، محبوب نگر، منچریال، میدک، ملکاجگری میڑچل، ملگ، ناگرکرنول، نلگنڈہ، نارائن پیٹ، نرمل، نظام آباد، پداپلی، راجنا سرسلہ، رنگاریڈی، سنگاریڈی، سدی پیٹ، سوریہ پیٹ، وقارآباد، ونپرتی، ورنگل اور یادادری بھونگیر میں 6 تا 9 جون کے درمیان اوسط سے بھاری بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
اس سلسلہ میں محکمہ موسمیات نے تلنگانہ بھر میں 9 جون تک کے لئے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔