کانگریس ایم ایل سی وجئے شانتی کو جان سے مارنے کی دھمکی
وجئے شانتی نے اس پر اعتماد کرتے ہوئے اسے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سنبھالنے کی اجازت دے دی تاہم، اطلاعات کے مطابق، انہیں کسی خاص بہتری کا احساس نہیں ہوا، بلکہ پتہ چلا کہ چندراکرن ان کا نام استعمال کرتے ہوئے اپنی تشہیر کر رہا تھا۔

حیدرآباد: شہرحیدرآباد کی بنجارہ ہلز پولیس نے اداکارہ وسیاستدان وجئے شانتی اور ان کے شوہر سرینواس پرساد کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے والے ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ تنازعہ مالی معاملات کے سلسلہ میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق، این چندراکرن ریڈی نامی شخص نے ایم ایل سی وجئے شانتی سے رابطہ قائم کیا اور خود کو سوشل میڈیا ہینڈلر کے طور پر متعارف کروایا۔
اس نے وجئے شانتی کو یقین دلایا کہ وہ ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر موجودگی اور فالوورس کی تعداد بڑھانے میں مدد کر سکتا ہے، جس پر ایک معاہدہ طے پایا۔ وجئے شانتی نے اس پر اعتماد کرتے ہوئے اسے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سنبھالنے کی اجازت دے دی تاہم، اطلاعات کے مطابق، انہیں کسی خاص بہتری کا احساس نہیں ہوا، بلکہ پتہ چلا کہ چندراکرن ان کا نام استعمال کرتے ہوئے اپنی تشہیر کر رہا تھا۔
اس کے بعد وجئے شانتی اور ان کے شوہر پرساد نے اس سے خدمات بند کرنے کی خواہش کی۔اس پر برہم ہو کر چندراکرن نے اداکارہ اور ان کے شوہر کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجنا شروع کر دیئے اور اپنے فراہم کردہ مبینہ خدمات کے عوض رقم کا بھی مطالبہ کیا، پولیس نے یہ بات بتائی۔اس واقعہ پر جوڑے نے پولیس سے شکایت کی۔ پولیس نے چندراکرن کے خلاف مقدمہ درج کر کے جانچ شروع کردی۔