چندریان 3 اب چاند سے صرف 25 کلومیٹر دور
ایم انادورائی کے مطابق، جو چندریان-1 اور چندریان-2 مشن کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ہیں، 23 اگست کی شام چندریان-3 کی سافٹ لینڈنگ کے آخری 15-20 منٹ سب سے زیادہ نازک ہیں۔

چینائی: چندریان -3 کا دوسرا اور آخری ڈی بوسٹنگ آپریشن اتوار کی صبح 1.50 بجے مکمل ہوا۔ اس آپریشن کے بعد چاند سے لینڈر کا کم از کم فاصلہ 25 کلومیٹر اور زیادہ سے زیادہ 134 کلومیٹر رہ گیا ہے۔ ڈی بوسٹنگ میں اسپیس کرافٹ کی اسپیڈ کو کم کیا جاتا ہے۔
اسرو نے ’ایکس ‘پوسٹ میں بتایا کہ اب لینڈر کی اندرونی جانچ ہوگی اور وہ لینڈنگ سائٹ پر سورج طلوع ہونے تک انتظار کرے گا۔ 23 اگست کو شام 5 بجکر 45 منٹ پر لینڈر کو کم ترین فاصلے یعنی 25 کلومیٹر کی اونچائی سے سافٹ لینڈ کرانے کی کوشش کی جائے گی۔
ایم انادورائی کے مطابق، جو چندریان-1 اور چندریان-2 مشن کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ہیں، 23 اگست کی شام چندریان-3 کی سافٹ لینڈنگ کے آخری 15-20 منٹ سب سے زیادہ نازک ہیں۔ اس کے بعد لینڈر کو 25 کلومیٹر کی بلندی سے چاند کی سطح تک پہنچنے میں 15 سے 20 منٹ لگیں گے۔
اس کے بعد چھ پہیوں والا پرگیان روور وکرم لینڈر سے ریمپ کے ذریعے باہر آئے گا اور اسرو سے کمانڈ ملتے ہی چاند کی سطح پر چلے گا۔ اس دوران ہندوستان کا قومی نشان اشوک استمبھ اور اسرو کا لوگو اپنے پہیوں کے ذریعے چاند پر اپنا نشان چھوڑے گا۔