جرائم و حادثات

جھانسی میڈیکل کالج کے این آئی سی یو میں لگی آگ، دس شیر خوار بچوں کی موت

آگ رات 10.30 بجے لگی، ممکنہ طور پر یونٹ کے اندر سے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ہوگی۔

جھانسی: اتر پردیش کے جھانسی میں مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے نوزائیدہ بچوں کی انتہائی نگہداشت یونٹ (این آئی سی یو) میں آگ لگنے سے دس بچوں کی موت ہو گئی۔

متعلقہ خبریں
جھانسی کے اسکول میں کشمیری طلبا پر حملہ

این آئی سی یو وارڈ میں جمعہ کی رات آگ لگتے ہی موقع پر افراتفری مچ گئی اور وہاں موجود عملہ اور لوگ جن بچوں کو لے کر نکل سکتے تھے لے کر باہر نکلے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی اسپتال انتظامیہ، ریسکیو ٹیم اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ حالات اتنے سنگین تھے کہ کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر بچوں کو باہر نکالا گیا۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اویناش کمار نے کہا کہ میڈیکل کالج کے این آئی سی یو میں موجود عملے نے بادی النظر میں بتایا کہ اس وارڈ کے دو حصے ہیں، زیادہ نازک بچوں کو رکھنے کے لیے اندرونی یونٹ اور کم نازک بچوں کے لیے بیرونی یونٹ۔

آگ رات 10.30 بجے لگی، ممکنہ طور پر یونٹ کے اندر سے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ہوگی۔

بیرونی یونٹ کے تقریباً تمام بچوں کو بچا لیا گیا ہے۔ اندرونی یونٹ سے بھی کئی بچوں کو بچا لیا گیا لیکن ابتدائی طور پر دس بچوں کی موت ہوگئی۔ ریسکیو کام جاری ہے۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیم بروقت موقع پر پہنچ گئی۔

شدید زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ کمشنر اور ڈی آئی جی کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مرنے والوں کی روح کے سکون کے لئے پرارتھنا کی ہے اور افسران کو جنگی بنیادوں پر راحت اور بچاؤ کام انجام دینے کا حکم دیا ہے۔