مشرق وسطیٰ

دبئی میں منشیات رکھنے والی عرب خاتون کو سخت سزا سنائی گئی

ادارہ انسداد منشیات کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع ملنے پر ایک عرب خاتون کو گرفتار کیا تھا جب کہ اس کے گھر سے اس کی ایک سہیلی کو بھی حراست میں لیا گیا جو نشے کی حالت میں تھی۔

دبئی: دبئی میں عدالت نے ایک عرب خاتون کو منشیات رکھنے پر قید اور بے دخلی کی سزا سنائی ہے جب کہ اس کی سہیلی کو جرمانہ کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی کی عدالت نے ایک عرب خاتون کو منشیات رکھنے پر ایک ماہ قید، دو برس تک ترسیل زر پر پابندی کے ساتھ امارات سے بے دخلی کی سزا سنائی ہے جب کہ معاونت کرنے پر اس کی سہیلی پر پانچ ہزار درہم کا جرمانہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں
دبئی میں گداگروں کے خلاف مہم، پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ اور جیل کی سزا
یوم خواتین پردنیا بھر میں ”عورت مارچ“ کا انعقاد
ثانیہ مرزا کے شاندار کیریر کے اختتام پر ستائشوں کی بوچھاڑ

رپورٹ کے مطابق ادارہ انسداد منشیات کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع ملنے پر ایک عرب خاتون کو گرفتار کیا تھا جب کہ اس کے گھر سے اس کی ایک سہیلی کو بھی حراست میں لیا گیا جو نشے کی حالت میں تھی۔ گرفتاری کے بعد تلاشی کے دوران خاتون نے خود ہی زیر جامہ میں چھپائی گئی منشیات نکال کر پولیس کے حوالے کر دی تھیں۔

خاتون نے اعتراف کیا کہ اس نے نشہ آور اشیا واٹس اپ کے ذریعے ایک تاجر سے آن لائن خریدی تھیں۔اپنے اقبالیہ بیان میں اس نے پولیس کو بتایا کہ اس نے تاجر کو آن لائن رقم منتقل کی تھی اور اس کے بتائے ہوئے پتے پر جاکر منشیات وصول کی تھی۔ مذکورہ خاتون اور اس کی سہیلی کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا اور وہاں سے دونوں کا کیس عدالت کو بھیج دیا گیا۔