ایپل نے تیسری سہ ماہی میں آمدنی کا نیا ریکارڈ قائم کیا
امریکہ کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے تیسری مالی سہ ماہی میں ہندوستان سمیت تمام بڑی عالمی منڈیوں میں آمدنی کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
ممبئی : امریکہ کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے تیسری مالی سہ ماہی میں ہندوستان سمیت تمام بڑی عالمی منڈیوں میں آمدنی کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
کمپنی نے 27 جون کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے مالی نتائج جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اس دوران اس کی آمدنی 109.4 ارب امریکی ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہے۔ فی حصص آمدنی 2.02 ڈالر رہی، جو سالانہ بنیاد پر 29 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتی ہے، جبکہ مجموعی منافع کا مارجن 50.1 فیصد رہا۔
ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کک نے کہا کہ کمپنی نے جون سہ ماہی کے دوران لاطینی امریکہ، مغربی یورپ، ہندوستان، چین، جاپان اور جنوب مشرقی ایشیا سمیت تمام جغرافیائی خطوں میں آمدنی کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے فی حصص 0.27 امریکی ڈالر نقد منافع (ڈیویڈنڈ) کا اعلان کیا ہے، جو 13 اگست 2026 کو ان حصص یافتگان کو ادا کیا جائے گا جن کے نام 10 اگست 2026 تک کمپنی کے ریکارڈ میں درج ہوں گے۔
ٹم کک کے مطابق آئی فون، میک اور بعد از فروخت خدمات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں دوہرے ہندسوں کی شرح سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آپریٹنگ کیش فلو اور فی حصص آمدنی نے بھی جون سہ ماہی میں نئی بلندیاں حاصل کیں۔
ایپل کے چیف فنانشل آفیسر کیون پاریکھ نے بتایا کہ میک سے حاصل ہونے والی آمدنی 29 فیصد اضافے کے ساتھ 10.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جس میں میک بک ایئر اور میک بک پرو کی مضبوط فروخت کا نمایاں کردار رہا۔ ہندوستان، لاطینی امریکہ اور جنوب مشرقی ایشیا میں بھی کمپنی نے دوہرے ہندسوں کی شرح نمو حاصل کی۔