تمام کے تعاون سے تلنگانہ کی ترقی کو یقینی بنایاجائے گا:ملوبھٹی وکرامارکا
تلنگانہ کانگریس کے سینئر لیڈر ملوبھٹی وکرامارکا نے کہا ہے کہ ریاست میں اندراما حکمرانی آگئی ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس کے سینئر لیڈر ملوبھٹی وکرامارکا نے کہا ہے کہ ریاست میں اندراما حکمرانی آگئی ہے۔
انہوں نے حلف برداری سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام کے تعاون سے ریاست کی ترقی کو یقینی بنایاجائے گا۔
انہوں نے کہاکہ دس سال کی توقعات،عوام کی سونچ، امیدوں،عزائم اورعزت نفس کے ساتھ عوام نے کانگریس کو خط اعتماددیا ہے۔
تلنگانہ عوام کی توقعات کو پوراکرنے کی سمت کام کیاجائے گا۔انہوں نے عوام کے اس فیصلہ کو شاندار جیت سے تعبیر کیا اور کہاکہ عوام کی جن امیدوں کے مطابق سونیا گاندھی نے تلنگانہ کوریاست کا درجہ دیا تھا، ان امیدوں کو پوراکرنے کی سمت کانگریس حکومت کام کرے گی۔
عادل آباد سے کھمم تک عوامی مسائل کو جاننے کیلئے پدیاترا کرنے والے بھٹی وکرامار نے کہا کہ اس یاترا کے دوران عوام بالخصوص بے روزگارنوجوانوں،گونڈ قبائلی، خواتین اور عوام کے مختلف طبقات نے ان کے تمام مسائل سے واقف کروایا،ان کی مشکلات کو سمجھنے کے بعد ان کی پریشانی دور کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کی سمت حکومت کام کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ کانگریس،6ضمانتوں کے ساتھ ساتھ منشور میں کئے گئے تمام وعدوں پر عمل کرے گی۔