کھیل

ایشیا کپ: زخمی نسیم شاہ پاکستانی ٹیم سے باہر

احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے ایشیا کپ کے بقیہ میچز کے لیے نسیم شاہ کو آرام کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کی جگہ زمان خان کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

لاہور: پاکستان نے ایشیا کپ میں انجری مسائل سے دوچار فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی جگہ فاسٹ باؤلر زمان خان کو 17 رکنی اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

متعلقہ خبریں
ایکشن میں تبدیلی سے گیندبازی میں بہتری : کلدیپ یادو
محمد عامر کا معروف انگلش کاؤنٹی کلب سے معاہدہ
ایشیا کپ : ہندوستان اور پاکستان میں پوائنٹس تقسیم
چہل کی بیوی بھی سلکٹرس سے ناراض
ایشیا کپ کیلیے نیپال کی ٹیم کل پاکستان پہنچے گی

زمان خان نے آج صبح ٹیم کو جوائن کیا اور آج شام کولمبو اسٹیڈیم میں ٹیم کے ہمراہ ٹریننگ کریں گے۔اسکواڈ میں شمولیت کے بعد زمان خان اب ممکنہ طور پر سری لنکا کے خلاف کل ہونے والے میچ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ایشیا کپ میں ہندوستان کے خلاف سپر فور راؤنڈ کے میچ میں نسیم شاہ کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور میچ میں بیٹنگ کے لیے بھی نہیں آئے تھے۔

قومی ٹیم کا میڈیکل پینل ان کی مسلسل نگرانی کررہا ہے اور ورلڈ کپ کے پیش نظر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔انہی احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے ایشیا کپ کے بقیہ میچز کے لیے نسیم شاہ کو آرام کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کی جگہ زمان خان کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب ہندوستان ہی کے خلاف میچ کے ریزرو ڈے میں احتیاطاً باؤلنگ نہ کرنے والے حارث رؤف اب بہتر مسلسل کررہے ہیں اور بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

اس حوالے سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ مورنے مورکل نے کہا تھا کہ حارث روف کو پٹھوں کا مسئلہ ہوا ہے اور ورلڈ کپ قریب ہے اسی لیے ہم انہیں آرام دے رہے ہیں اور کوئی خطرہ نہیں مول رہے ہیں۔

ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم کے مطابق یہ دونوں فاسٹ باؤلرز ہمارا اثاثہ ہیں اور ٹیم کا میڈیکل پینل ورلڈ کپ سے قبل ان کا ہر ممکن طریقے سے خیال رکھے گا۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف انجری کے باعث بھارت کے خلاف ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ کے دوران انجرڈ ہو کر کھیل سے باہر ہو گئے تھے جبکہ نسیم اور حارث دونوں ہی باؤلرز اپنے کوٹے کے 10 اوورز مکمل کرنے سے قاصر رہے تھے اور بیٹنگ کے لیے بھی میدان میں واپس نہیں آئے تھے۔

اس میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو 228 رنز کے ریکارڈ مارجن سے شکست دی تھی۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ کپ میں اب پاکستان کی ٹیم کو فائنل تک رسائی کے لیے سری لنکا کے خلاف کل ہونے والے میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔

کل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم کا ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت سے مقابلہ ہو گا۔ اگر گرین شرٹس اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو ایسی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ ملے گا اور سری لنکا کی ٹیم فائنل میں جگہ بنا لے گی۔