نئے سکریٹریٹ کی عمارت کا انتظام کنسلٹنسی فرم کے حوالے کئے جانے کا امکان
نئے سکریٹریٹ کی تعمیر سے پہلے تک عارضی سکریٹریٹ بی آر کے بھون میں صفائی کے فرائض انجام دینے والی فرم نے ان کاموں کیلئے 80 افراد کو ذمہ داری حوالے کی تھی۔

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت کے نئے سکریٹریٹ کی عمارت کا انتظام آئی ٹی کمپنیوں کی طرز پر کسی کنسلٹنسی فرم کے حوالے کئے جانے کا امکان ہے۔ عمارت کی صفائی،مرمت سمیت تمام کام ایک ہی کنسلٹنسی فرم کو دینے پر غور کیاجارہا ہے۔
نئے سکریٹریٹ کی تعمیر سے پہلے تک عارضی سکریٹریٹ بی آر کے بھون میں صفائی کے فرائض انجام دینے والی فرم نے ان کاموں کیلئے 80 افراد کو ذمہ داری حوالے کی تھی۔اس کام کے لئے فرم کو ماہانہ 15لاکھ روپئے دیئے جانے کی اطلاع ہے تاہم نئے سکریٹریٹ کا احاطہ دس لاکھ مربع فیٹ سے زیادہ ہے۔
ایک اندازے کے مطابق سکریٹریٹ کی صفائی کے لیے 160 افراد کا عملہ درکار ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سرکاری حلقوں میں ایک رائے یہ ہے کہ عمارت میں معمولی مرمت کا کام انتظامی کمپنی کے حوالے کیا جائے۔
حیدرآباد میں آئی ٹی کمپنیاں کنسلٹنسی کی خدمات استعمال کررہی ہیں۔سکریٹریٹ کے کاموں کے لئے ٹنڈر طلب کرنے اور اس کے مطابق کنسلٹنسی کا انتخاب کرنے کا امکان ہے۔