پاکستانی عوام اپنی حکومت اور فوج کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں: فرنگی محلی
پہلگام دہشت گرد حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے سنی عالم دین اور عیدگاہ عیش باغ کے امام مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے جمعرات کے روز پاکستانی عوام سے کہا کہ وہ ہندوستانی سرزمین پر دہشت گرد حملوں کی راہ ہموار کرنے اپنی حکومت اور فوج کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔

لکھنؤ (آئی اے این ایس) پہلگام دہشت گرد حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے سنی عالم دین اور عیدگاہ عیش باغ کے امام مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے جمعرات کے روز پاکستانی عوام سے کہا کہ وہ ہندوستانی سرزمین پر دہشت گرد حملوں کی راہ ہموار کرنے اپنی حکومت اور فوج کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔
جموں و کشمیر میں پہلگام کے قریب بیسرن وادی میں ایک وحشیانہ حملہ میں 26 افراد کی ہلاکت جن میں سے بیشتر سیاح تھے‘ کے بعد انہوں نے یہ تبصرہ کیا ہے۔ پاکستان میں قائم دہشت گرد تنظیم ’دی ریزسٹنس فرنٹ‘ (ٹی آر ایف) جو ممنوعہ لشکرطیبہ کی ذیلی تنظیم ہے‘پر اس قتل عام میں ملوث ہونے کا شبہ کیا جارہا ہے۔
فرنگی محلی نے آئی اے این ایس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا پاکستان کے عوام کو چاہئے کہ وہ اس بات کو سمجھیں کہ کوئی بھی ایسی حرکتوں کی حمایت نہیں کرے گا۔ انہیں خود اپنی حکومت اور فوج کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے جو دہشت گردی کی ان حرکتوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔
فرنگی محلی نے کہا کہ پہلگام میں دہشت گردی کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ اِس المناک واقعہ نے پورے ملک کو دہلادیا ہے۔ حکومت ہند کی جانب سے کئے گئے اقدامات چاہے وہ آبی معاہدہ سے متعلق ہوں، سفارتی اخراج یا ویزا کی منسوخی سے متعلق ہوں، بالکل مناسب ہیں۔ انہوں نے قومی اتحاد کی اپیل کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں سے کہا کہ وہ حکومت کے فیصلوں کی تائید میں واحد پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی تقسیم کا وقت نہیں ہے، تمام جماعتوں کو متحد رہنا چاہئے تاکہ بین الاقوامی سطح پر قومی یکجہتی کی مثبت شبیہ پیش کی جاسکے۔ فرنگی محلی نے مزید کہا کہ ساتھ ہی ہندوستانیوں سے میری اپیل ہے کہ وہ دہشت گردی کے اس واقعہ کو مذہبی عدسہ سے نہ دیکھیں۔
کوئی بھی مذہب تشدد یا دہشت گردی کو معاف نہیں کرتا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے بعض پوسٹس انتہائی منفی پیام دے رہے ہیں۔ بحران کی اس گھڑی میں ہر ہندوستان کو مذہب یا سیاسی وابستگی کے بغیر متحد رہنا چاہئے۔