برقی کمپنیوں کو خانگیانے کی کوشش عوام سے غداری کے مماثل : جگدیش ریڈی

جگدیش ریڈی نے کہا کہ نیا الیکٹرسٹی ایکٹ دراصل ملک کے عوام کے پیروں پر کلہاڑی مارنے کے مماثل ہے۔ انہوں نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ برقی شعبہ کو خانگیانے کے شدید اثرات ملک کے عوام کی زندگیوں پر پڑیں گے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ برقی کمپنیوں کو خانگیانے کی کوشش عوام سے غداری کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت، پارلیمنٹ میں نیا برقی بل متعارف کرنے والی ہے مگر حکومت تلنگانہ، اس بل کی مخالفت کرے گی۔

 سوریا پیٹ میں صحافیوں سے آج ملاقات کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ نیا الیکٹرسٹی ایکٹ دراصل ملک کے عوام کے پیروں پر کلہاڑی مارنے کے مماثل ہے۔ انہوں نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ برقی شعبہ کو خانگیانے کے شدید اثرات ملک کے عوام کی زندگیوں پر پڑیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ برقی شعبہ ایک بار کارپوریٹ اداروں کے ہاتھوں میں چلاجائے تو پھر اس کی شرحوں میں مسلسل اضافہ ہوتا ہی رہے گا۔ برقی شرحوں پر کوئی روک نہیں لگا سکتا۔ جگدیش ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت، برقی شعبہ کا چند کارپوریٹ اداروں سے معاہدہ کرانے کی کوشش کررہی ہے۔

 انہوں نے ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ نئے الیکٹرسٹی بل کی شدومد سے مخالفت کریں اور اس سلسلہ میں محکمہ برقی کے ملازمین کو بھی سراپا احتجاج بننا چاہئے۔

ریاستی وزیر نے مزید کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، ابتدا سے ہی اس بل کی مخالفت کررہے ہیں۔ کے سی آر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ مرکز کی بی جے پی حکومت، اصلاحات کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔