تلنگانہ
آٹو بجلی کے کھمبے سے ٹکراگیا، ایک خاتون ہلاک
خواتین ایک آٹو میں دھان کے کھیتوں میں کام کرنے کے لیے تاڈوائی منڈل کے نرلا پور گاؤں جا رہی تھیں کہ نارلا پور گاؤں کے قریب اس آٹو کے ڈرائیور نے توازن کھودیا اور ہ آٹو بجلی کے پول سے ٹکرا گیا۔
حیدرآباد: آٹو کے بجلی کے کھمبے سے ٹکراجانے کے نتیجہ میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔ یہ حادثہ تلنگانہ کے ضلع مُلگ میں پیش آیا۔ مقامی افراد کے مطابق گووندراوپیٹ منڈل کے موڈولگوڈیم گاؤں سے تعلق رکھنے والی 15 خواتین ایک آٹو میں دھان کے کھیتوں میں کام کرنے کے لیے تاڈوائی منڈل کے نرلا پور گاؤں جا رہی تھیں کہ نارلا پور گاؤں کے قریب اس آٹو کے ڈرائیور نے توازن کھودیا اور ہ آٹو بجلی کے پول سے ٹکرا گیا۔
اس حادثہ میں آٹو میں سفر کرنے والی خواتین میں سامنے بیٹھی سنیتا (35) کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ جیوتی جو اس حادثہ میں شدید زخمی ہوگئی تھی کی حالت نازک ہے۔ مقامی افراد کی اطلاع پر ایمبولنس نے وہاں پہنچ کر زخمیوں اورمہلوکین کو اسپتال منتقل کیا۔