تلنگانہ

نارائن پیٹ میں ضلع کانگریس کی نئی کمیٹی کا اعلان، پارٹی کو گاؤں کی سطح تک مضبوط بنانے پر زور

پرشانت کمار ریڈی نے کہا کہ نئی کمیٹی میں ضلع کے سینئر قائدین، نوجوان رہنماؤں، خواتین، بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی طبقات کو مناسب نمائندگی دی گئی ہے تاکہ پارٹی تنظیم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

نارائن پیٹ: ضلع کانگریس کمیٹی (ڈی سی سی) کے صدر کے. پرشانت کمار ریڈی نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی کو گاؤں سے لے کر ضلع کی سطح تک مزید مضبوط بنانا ان کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے یہ بات نارائن پیٹ ضلع مرکز کے سی وی آر بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران نئی ضلعی کانگریس کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے کہی۔

متعلقہ خبریں
اے پی سی آر تلنگانہ (APCR) کا ریاست گیر پیرالیگل ایکٹوسٹ و کارکنان کے لئے تربیتی پروگرام کا کامیاب اختتام
علمِ بی بی مبارک کی سواری کے لیے ہاتھی کی منظوری، میر فراست علی باقری کا حکومتِ تلنگانہ اور جی کشن ریڈی سے اظہارِ تشکر
نیشنل اوورسیز اسکالرشپ: گاؤں اور چھوٹے قصبوں کے طلبہ کے عالمی تعلیمی خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا ذریعہ
وارث سرکاروطن ؒ مولانا پیر نقشبندی سے ڈاکٹر ذاکر شاہ افتخاری کی 25رکنی وفد کے ہمراہ روحانی ملاقات
اقلیتی نوجوانوں کو آئی ٹی اور ہنرمندی کی مفت تربیت فراہم کرنے کے لیے تجاویز طلب، 15 جون آخری تاریخ

انہوں نے بتایا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی (AICC) اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (TPCC) کی ہدایات کے مطابق نئی ضلعی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس عمل میں وزیر واکٹی سری ہری، رکن اسمبلی ڈاکٹر چٹم پرنیکا ریڈی اور اسمبلی حلقہ انچارجس اے. تروپتی ریڈی اور کمبھم شیوا کمار ریڈی کے مشوروں کو مدنظر رکھا گیا۔

پرشانت کمار ریڈی نے کہا کہ نئی کمیٹی میں ضلع کے سینئر قائدین، نوجوان رہنماؤں، خواتین، بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی طبقات کو مناسب نمائندگی دی گئی ہے تاکہ پارٹی تنظیم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ نئی ضلعی کانگریس کمیٹی میں 6 نائب صدور، 12 جنرل سیکریٹریز، 20 سیکریٹریز، ایک خزانچی، 3 سرکاری ترجمان اور 7 ضلعی عاملہ ارکان شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر کمیٹی 49 ارکان پر مشتمل ہے۔

انہوں نے تمام قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کے نظریات کو عوام تک پہنچانے اور ضلع بھر میں تنظیمی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔

اس موقع پر اے آئی سی سی کی جنرل سیکریٹری میناکشی نٹاراجن کی راجیہ سبھا نامزدگی مسترد کیے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پرشانت کمار ریڈی نے اسے جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی سیاسی انتقام کی سیاست کرتے ہوئے آئینی اداروں کا غلط استعمال کر رہی ہے اور اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس اس معاملے میں جمہوری طریقے سے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 24 جون سے شروع ہونے والے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) پروگرام میں کانگریس کے تمام قائدین اور کارکن فعال کردار ادا کریں تاکہ ہر اہل شہری کا نام ووٹر لسٹ میں شامل رہے، کیونکہ حقِ رائے دہی جمہوریت کی بنیاد ہے۔

اس پریس کانفرنس میں ضلع جنرل سیکریٹری محمد سلیم، ضلع او بی سی سیل کے صدر کرشنیا، نارائن پیٹ منڈل صدر کوٹلہ رویندر ریڈی، سرینواس ریڈی، کے. شنکر، پلہ انیل سمیت دیگر کانگریس قائدین بھی موجود تھے۔