قومی

مہاگٹھ بندھن حکومت، وقف قانون کو کچرہ کی کنڈی میں پھینک دے گی

آرجے ڈی قائد تیجسوی یادو نے اتوار کے دن دعویٰ کیا کہ بہار میں برسراقتدار این ڈی اے کا چل چلاؤ ہے اور مہا گٹھ بندھن کی نئی حکومت مرکز کی نریندرمودی حکومت کے لائے گئے وقف قانون کو کچرہ کی کنڈی میں پھینک دے گی۔

پٹنہ (پی ٹی آئی) آرجے ڈی قائد تیجسوی یادو نے اتوار کے دن دعویٰ کیا کہ بہار میں برسراقتدار این ڈی اے کا چل چلاؤ ہے اور مہا گٹھ بندھن کی نئی حکومت مرکز کی نریندرمودی حکومت کے لائے گئے وقف قانون کو کچرہ کی کنڈی میں پھینک دے گی۔

نوجوان قائد نے پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں وقف بچاؤ، دستور بچاؤ ریالی سے خطاب کیا۔ ریالی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے حصہ لیا جنہوں نے اپنے بازو پر کالی پٹیاں بطور احتجاج باندھ رکھی تھیں۔

سابق ڈپٹی چیف منسٹر نے جو ریاستی اسمبلی میں موجودہ قائد اپوزیشن ہیں زوردیکر کہاکہ ہمارے قومی صدر لالو پرساد یادو واضح کرچکے ہیں کہ آرجے ڈی وقف قانون کی پرزور مخالفت کرے گی۔ ہمارے ارکان پارلیمنٹ نے دونوں ایوانوں میں اِس بل کی مخالفت کی۔ ہم اِس قانون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع ہوئے۔

تیجسوی یادو نے کہاکہ میں بہار میں اپنے مسلم بھائیوں سے کہنا چاہوں گا کہ ریاست میں این ڈی اے حکومت رخصت ہونے والی ہے۔ نومبر میں نئی موافق غریب حکومت بنے گی جو وقف قانون کو کچرہ کی کنڈی میں پھینک دے گی۔ تیجسوی یادو جاریہ سال کے اواخر منعقد شدنی اسمبلی الیکشن کیلئے انڈیا بلاک کی قیادت کررہے ہیں۔

اُنہوں نے کہاکہ مرکز میں برسراقتداراور ریاست میں شریک اقتدار بی جے پی کو یاد رکھنا چاہئے ملک کو آزادی ہندوؤں، مسلمانوں، سکھوں اور عیسائیوں کی قربانی سے ملی۔ اُنہوں نے کہا ”کسی باپ کا دیش نہیں ہے“۔ ریالی میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تیجسوی یادو نے کہاکہ ہوشیار رہیں، الیکشن کمیشن فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظر ثانی کے ذریعہ بی جے پی کی مدد کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

ہمیں اِس کے خلاف لڑنا ہوگا۔ ہمیں عوام کو اُن کے حق رائے دہی سے محروم کرنے کی کسی بھی سازش کو ناکام کرنا ہوگا۔ سینئر کانگریس قائد اور سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید کو بھی ریالی میں مدعو کیا گیا تھا۔ اُنہوں نے ریالی کے حاشیہ پر صحافیوں سے بات چیت کی۔

اُنہوں نے کہاکہ اِس پروگرام کا مقصد وقف، جمہوریت اور ملک کے متنوع کردار وثقافت کو بچانا ہے۔ اُنہوں نے یاددلایاکہ اُن کا بچپن پٹنہ میں گزرا تھا۔ اُس وقت اُن کے نانا ذاکر حسین مرحوم بہار کے گورنر تھے۔ ریالی میں شرکت کرنے والے دیگر کانگریس قائدین میں ارکان راجیہ سبھا، عمران پرتاپ گڑھی اور سید نصیرحسین شامل ہیں۔

پرجوش مجمع نے عمران پرتاپ گڑھی کا شاندار استقبال کیا۔ وہ بہترین شاعر بھی ہیں۔ عمران پرتاپ گڑھی کھلی جیپ میں جلسہ گاہ پہنچے۔ نوجوانوں نے اُن کا زبردست استقبال کیا۔ ریالی سے آزاد رکن پارلیمنٹ راجیش رنجن عرف پپو یادو اور مجلسی قائد اخترالایمان نے بھی خطاب کیا۔