امریکہ و کینیڈا

امریکہ میں سمندری طوفان ایان سے 19 افراد ہلاک

طوفان ایان نے مواصلاتی نظام بھی تہس نہس کر دیا ہے جب کہ 26 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں، یہ ہولناک سمدنری طوفان آج امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا سے ٹکرانے کا خدشہ ہے۔

واشنگٹن: امریکہ میں آنے والے شدید سمندری طوفان اورریاست فلوریڈا میں آندھی اور موسلا دھار بارشوں کے سبب مختلف حادثات میں 19 افراد ہلاک، درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکہ میں سمندری طوفان ای این کے باعث سیلابی پانی ساحلوں سے سیکڑوں میل دور تک کئی کئی فٹ تک کھڑا ہوا ہے، طوفان کے باعث گھر، گاڑیاں اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئی ہیں، پانی سے بھرے گھروں میں پھنسے ہوئے شہریوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے۔

سمندر کی بپھری موجوں کا پانی کاؤنٹی کے ایک اسپتال میں بھی داخل ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ایک ہزار مریضوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے جب کہ سمندری طوفان کی تباہی اتنی شدید ہے کہ ایک کیمرہ مین لائیو نشریات چھوڑ کر سیلاب سے نبرد آزما شہریوں کی مدد کے لیے انہیں ریسکیو کرنے پہنچ گیا۔

طوفان ایان نے مواصلاتی نظام بھی تہس نہس کر دیا ہے جب کہ 26 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں، یہ ہولناک سمدنری طوفان آج امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا سے ٹکرانے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب صدر بائیڈن نے ایان طوفان کو امریکی تاریخ کا سب سے ہولناک طوفان قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اموات کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

اس حوالے سے فلوریڈا کے گورنر کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ایان سے جو تباہی ہوئی ہے وہ 500 برسوں میں نہیں دیکھی، طوفان سے سب سے زیادہ فورٹ مِئزر متاثر ہوا ہے، یہاں سمندری طوفان کی شدت میں کمی ہوگئی ہے اور اب ایان جنوبی کیرولائنا کی جانب بڑھ رہا ہے۔