بی جے پی لیڈر کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی اور کئی بی آر ایس قائدین کانگریس میں شامل

نئی دہلی: تلنگانہ اسمبلی انتخابات سے قبل کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے تقریباً ایک سال بعد بی جے پی سے آج دوبارہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔
راج گوپال ریڈی گزشتہ سال اگست میں منو گوڑ کے ایم ایل اے اور کانگریس کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دے کر بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے اور انہوں نے بی جے پی ٹکٹ پر ضمنی انتخاب لڑا تھا مگر انہیں بی آر ایس امیدوار کے ہاتھوں شکست اٹھانی پڑی تھی۔
جیسے جیسے انتخابات قریب آر ہے ہیں کانگریس پارٹی میں مختلف جماعتوں کے قائدین کی شمولیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ سابق ایم ایل اے کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی، اے رویندر ریڈی سابق ایم ایل سی سنتوش کمار، نیتی ودیا ساگر،اکولا للیتا، کے وائی دلیپ کمار، ایم نرسمہلو، نیلم مدھو مدیراج نے آج نئی دہلی میں صدر کانگریس ملکارجن کھر گے کی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
کھر گے نے ان قائدین کو کانگریس کا کھنڈوا پہنا کر پارٹی میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔ نیلم مادھو نے بھی پٹن چیرو سے بی آر ایس ٹکٹ نہ ملنے پر بی آر ایس چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
بعدازاں راج گوپال ریڈی نے بتایا کہ وہ کے سی آر کو اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے کانگریس میں دوبارہ شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے عہدہ اہم نہیں ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس اقتدار میں آرہی ہے۔ ہم تلنگانہ سے خاندانی راج ختم کرائیں گے۔ راج گوپال ریڈی نے دعویٰ کیا کہ کانگریس پارٹی 70 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ اس موقع پر صدر پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی اور دیگر بھی موجود تھے۔