مودی حکومت میں ملک پر 100 لاکھ کروڑ کا قرض بڑھ گیا:کانگریس
سپریہ شرینت نے کہاکہ نریندر مودی اس ملک کے 15ویں وزیر اعظم ہیں اور یقین مانئے انہوں نے وہ کردکھایا جو ان سے پہلے کے 14 وزیر اعظم نہیں کر سکے۔
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کانگریس نے ہفتہ کو کہا کہ وہ ملک کے 15ویں وزیر اعظم ہیں، لیکن جو کام ان سے پہلے 14 وزیر اعظم نہیں کر سکے، انہوں نے محض اپنے 9 سال کی مدت کار میں کردکھایا اورملک کا قرض 55 لاکھ کروڑ روپے سے بڑھاکر 155 لاکھ کروڑ روپے پہنچادیا ہے۔
آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس ترجمان سپریہ شرینت نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک پر 100 لاکھ کروڑ روپے کا قرض بڑھا کر ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے، اس لیے انہیں ملک کی معیشت پر وائٹ پیپر جاری کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹرمودی نے جب ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو ملک کا قرض صرف 55 لاکھ کروڑ روپے تھا، لیکن اب یہ تین گنا بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا، "نریندر مودی اس ملک کے 15ویں وزیر اعظم ہیں اور یقین مانئے انہوں نے وہ کردکھایا جو ان سے پہلے کے 14 وزیر اعظم نہیں کر سکے۔ آزادی کے 67 برسوں میں جہاں 14 وزرائے اعظم نے مل کر 55 لاکھ کروڑ روپے کا قرض لیا۔
مودی جی نے اپنے نو سالہ دور میں اسے تین گنا بڑھا کر 155 لاکھ کروڑ روپے کر دیا۔ یعنی نو سالوں میں ملک کا قرض 100 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ بڑھ گیا ہے۔
ترجمان نے کہا، ‘آج حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ ملک قرض میں ڈوب گیا ہے اور ملک پر 100 لاکھ کروڑ روپے کا قرض بڑھ گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ آج ہر ہندوستانی پر- یعنی ایک نوزائیدہ بچے کے سر پربھی تقریباً 1.2 لاکھ کا قرض ہے۔
انہوں نے کہا، "نریندر مودی جی نے اپنے دور اقتدار کے ہر سیکنڈ میں 4 لاکھ روپے کا قرض، ہر منٹ 2.4 کروڑ کا قرض، ہر گھنٹے میں 144 کروڑ کا قرض، 3456 کروڑ روپے ہر دن کا قرض، ہرماہ 1.03 لاکھ کروڑاور ہر سال 12.47 لاکھ کروڑقرض اس ملک پر لاد دیا ہے۔
عالم یہ ہے کہ ہے کہ ہمارے یہاں آج دنیا میں سب سے مہنگی رسوئی گیس، تیسرا سب سے مہنگا پٹرول اور آٹھواں سب سے مہنگا ڈیزل ملک میں فروخت ہورہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مودی گجرات کے وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے بڑی بڑی باتیں کرتے تھے لیکن اب نو سال تک وزیر اعظم کے عہدے پر رہنے کے بعد اپنی معاشی بدانتظامی سے معیشت کو تباہ کر دیا ہے اور ملک پر مہنگائی، بے روزگاری اور قرضوں کا بوجھ ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا، "ملک کو بھاری قرضوں میں غرق کردینے کے بعد مودی جی، آپ کو یہ سمجھنا ہوگا کہ محض زبانی جمع خرچ اور کیمرا جیوی بنے رہنے سے کام نہیں چلنے والا- ہم اس پلیٹ فارم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت بلا تاخیر آج ہندوستان کی بدحالی پر وائٹ پیپر جاری کرے۔