اترکاشی میں بادل پھٹ پڑے، 8 تا 9 مزدور لاپتا، بچاؤ کارروائیاں جاری
اتراکھنڈ کے ضلع اترکاشی میں برکوٹ-یمنوتری سڑک کے قریب بالی گڑھ علاقے میں بادل پھٹ پڑنے کے باعث زمین کھسکنے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں زیر تعمیر ہوٹل کے قریب مزدوروں کا کیمپ بہہ گیا۔

اترکاشی (آئی اے این ایس)اتراکھنڈ کے ضلع اترکاشی میں برکوٹ-یمنوتری سڑک کے قریب بالی گڑھ علاقے میں بادل پھٹ پڑنے کے باعث زمین کھسکنے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں زیر تعمیر ہوٹل کے قریب مزدوروں کا کیمپ بہہ گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آٹھ تا نو مزدور لاپتا ہیں جب کہ علاقے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ضلع مجسٹریٹ پرشانت آریہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صبح سویرے اطلاع ملی کہ پالی گھاٹ سے تقریباً چار کلومیٹر آگے سلائی نامی مقام پر یمنوتری ہائی وے پر زمین کھسکنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
انہوں نے کہا ”سلائی کے قریب ایک ہوٹل زیر تعمیر ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایک نیا لینڈ سلائیڈ زون بن گیا ہے، جہاں اس سے قبل ایسی کوئی سرگرمی نہیں دیکھی گئی، اس علاقے کو محفوظ سمجھا جاتا تھا۔“آریہ نے مزید بتایا ”جب ملبہ ہوٹل کے نزدیک گرنے لگا تو مزدوروں کا کیمپ بہہ گیا۔ وہاں 19 مزدور موجود تھے جن میں سے 8 تا 9 لاپتا ہیں۔
“بچاؤ ٹیموں میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، اور مقامی پولیس شامل ہے۔ محصولاتی اور تعمیرات عامہ کے محکمے کی ٹیمیں بھی امدادی کام اور سڑک کی صفائی میں مصروف ہیں۔ضلع مجسٹریٹ کے مطابق ”سڑک مکمل طور پر نہیں بہہ گئی ہے لیکن ملبے کے باعث بند ہے جسے صاف کرنے میں دو گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
تاہم، تقریباً 10 میٹر کا حصہ بہہ چکا ہے جس کی مکمل بحالی میں وقت لگے گا۔“محکمہ موسمیات ہند نے اتوار اور پیر کے لیے اتراکھنڈ میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے جس میں بعض مقامات پر شدید بارش، گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کا انتباہ دیا گیا ہے۔بادلوں کا یہ پھٹنا ریاست میں جاری شدید موسمی بحران کا حصہ ہے۔ مسلسل بارش نے کئی اضلاع میں معمولات زندگی کو متاثر کیا ہے۔
نند پریاگ اور بھینرو پانی کے قریب نیشنل ہائی وے بند ہو گیا ہے۔رودرا پریاگ ضلع میں کیدارناتھ یاتریوں کے لیے اہم سون پریاگ۔منکتیہ سڑک‘ زمین کھسکنے اور ملبے کی وجہ سے بند ہے۔ حکام نے سون پریاگ اور گوری کنڈ میں یاتریوں کی آمد و رفت عارضی طور پر روک دی ہے تاکہ حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔یمنوتری نیشنل ہائی وے بھی سلائی بند کے قریب کئی مقامات پر بند ہو چکا ہے، اور برکوٹ کے نیشنل ہائی وے حکام کو چوکس کر دیا گیا ہے۔
سیانا چھٹی کے قریب نالے میں ملبہ جمع ہونے سے یمنا ندی کی روانی رک گئی ہے، جس سے نچلے علاقوں میں واقع ہوٹلوں کو سنگین خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔چمولی، پوڑی، دہرادون، رودرا پریاگ اور آس پاس کے اضلاع میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی رابطہ سڑکیں لینڈ سلائیڈ کے باعث بند ہیں۔ ندیوں کا پانی بڑھنے کے سبب انتظامیہ نے دریا کے کنارے بسنے والے عوام کو چوکس رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔