کانگریس، بڑے بھائی کا رول ادا کرے: محبوبہ مفتی
پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے چہارشنبہ کے دن کانگریس سے کہا کہ وہ ”بڑے بھائی“ جیسا معاملہ کرے اور جمہوریت کے لئے لڑائی میں اپوزیشن جماعتوں کے لئے گنجائش نکالے۔
![بی جے پی اپنی ناکامیاں چھپانے پاکستان کا ہوّا کھڑا کررہی ہے۔ محبوبہ مفتی کا پلٹ وار](https://urdu.munsifdaily.com/wp-content/uploads/2023/01/MEHBOOBA-MUFTI-780x470.jpg)
سری نگر: پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے چہارشنبہ کے دن کانگریس سے کہا کہ وہ ”بڑے بھائی“ جیسا معاملہ کرے اور جمہوریت کے لئے لڑائی میں اپوزیشن جماعتوں کے لئے گنجائش نکالے۔
انہوں نے سری نگر میں پی ڈی پی دفتر میں کہا کہ کانگریس کو بڑے بھائی جیسا برتاؤ کرنا چاہئے۔ اسے راستہ تنگ نہیں کرنا چاہئے بلکہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے لئے راہ نکالنی چاہئے جو سابق میں اس کی اتحادی رہ چکی ہیں تاکہ ملک میں جمہوریت کو بچایا جائے۔
سابق چیف منسٹر جموں وکشمیر نے کہا کہ موجودہ جدوجہد نہ صرف راہول گاندھی کے لئے ہے بلکہ ملک میں جمہوریت کی بقاء کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک نازک صورتِ حال سے گزررہا ہے اور کرو یا مرو کی صورتِ حال ہے۔
بات صرف راہول گاندھی کی بقاء کی نہیں ہے بلکہ جمہوریت کی بقاء کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ ہو‘ میڈیاہو یا عاملہ‘ جمہوریت کے سارے ستون ہل کر رہ گئے ہیں۔
پی ڈی پی صدر نے کہا کہ جمہوریت پر حملہ 2018 میں شروع ہوا تھا۔ اُس وقت نیشنل کانفرنس‘ پیپلزڈیموکریٹک پارٹی اور کانگریس کو اکثریت حاصل ہونے کے باوجود جموں وکشمیر میں حکومت بنانے نہیں دیا گیا تھا۔
اُس وقت فیاکس مشین کو قربانی کا بکرا بنایا گیا تھا لیکن دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اُس طرح ردعمل ظاہر نہیں کیا تھا جیسا کہ انہیں کرنا چاہئے تھا۔