کانگریس، سورت کی عدالت میں درخواست ِنظرثانی داخل کرنے کی تیاری میں
ہتک عزت کیس میں سورت کی عدالت کی طرف سے کانگریس قائد راہول گاندھی کو سنائی گئی سزا کو چیلنج کرتی درخواست تیار ہے اور امکان ہے کہ اسے بہت جلد داخل کردیا جائے گا۔

نئی دہلی: ہتک عزت کیس میں سورت کی عدالت کی طرف سے کانگریس قائد راہول گاندھی کو سنائی گئی سزا کو چیلنج کرتی درخواست تیار ہے اور امکان ہے کہ اسے بہت جلد داخل کردیا جائے گا۔
ذرائع نے چہارشنبہ کے دن یہ بات بتائی۔ کانگریس پارٹی کے سرکردہ قانونی مشیر درخواست ِ نظرثانی پر کام کررہے ہیں جو ایک یا دو دن میں سیشن کورٹ سورت میں داخل ہوجائے گی۔
کانگریس کہہ چکی ہے کہ وہ سیاسی اور قانونی لڑائی لڑے گی اور عوام میں بھی جائے گی۔
لوک سبھا میں کانگریس وہپ مانیکم ٹیگور نے کہا کہ حکومت نے منصوبہ بند سازش کے تحت دانستہ طورپر راہول گاندھی کو نااہل قراردیا ہے کیونکہ وہ چاہتی ہے کہ راہول گاندھی اِس بجٹ اجلاس میں پارلیمنٹ نہ آئیں۔
انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر کہا کہ یہ جھوٹا کیس ہے لیکن ہم قانونی اور سیاسی دونوں محاذوں پر لڑیں گے۔
اسی دوران الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اسے وائیناڈ حلقہ میں ضمنی الیکشن کا اعلان کرنے میں کوئی جلدی نہیں ہے کیونکہ تحت کی عدالت راہول گاندھی کو اپیل کے لئے ایک ماہ کا وقت دے چکی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کوئی جلدی نہیں ہے‘ ہم انتظار کریں گے۔