اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو غزہ شہر خالی کرنے کی وارننگ دے دی
اسرائیلی فوج نے اس انتباہ کے حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اسرائیل نے غزہ کی سرحد پر اپنی ٹینکوں کو جمع کرنا شروع کیا ہے اور جیٹ طیاروں سے بھی بمباری جاری رکھی ہوئی ہے۔
یروشلم: اسرائیلی ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) نے جمعہ کو غزہ کی پٹی کے شہر کے رہائشیوں کو ممکنہ زمینی حملے سے قبل جنوب میں ساحلی انکلیو کو خالی کرنے کا حکم دیا۔
آئی ڈی ایف نے جمعہ کی صبح ایک بیان میں کہا کہ "حفاظت اور سلامتی کے مفاد میں، تمام شہریوں سے جنوبی علاقے میں منتقل ہونے کی اپیل کی جاتی ہے۔”
آئی ڈی ایف نے غزہ کے عام لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے غزہ کے جنوبی حصے میں چلے جائیں۔ اسرائیل نے شمالی غزہ کے 11 لاکھ لوگوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی ہے جس کی وجہ سے وہاں افراتفری کا ماحول ہے۔
اس کے بعد آئی ڈی ایف نے غزہ کے لوگوں کے نام ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ "آپ شہر میں تب ہی واپس آئیں گے جب اگلا بیان جاری کرکے آپ کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
حماس کے دہشت گرد غزہ شہر اور غزہ کے بے گناہ لوگوں کے گھروں کے اندر بنی سرنگوں میں چھپے ہوئے ہیں۔ "لوگ اپنی اور اپنے کنبہ کی حفاظت کے لیے غزہ شہر کے جنوبی حصے میں منتقل ہوجائیں اور اپنے کنبوں کو حماس کے دہشت گردوں سے دور رکھیں جو آپ کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔”
خیال ر ہے کہ گزشتہ ہفتے کو حماس اور اسرائیل کے درمیان حملوں کا دور شروع ہوا تھا۔ حماس کے حملوں کے بعد اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے غزہ کی پٹی کے اہداف پر سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں۔ اس دوران دونوں طرف سے ہزاروں لوگ مارے جا چکے ہیں۔ اب تک 1,500 سے زیادہ فلسطینی اور 1,300 اسرائیلی مارے جا چکے ہیں۔