تلنگانہ

تلنگانہ یومِ تاسیس پر پرچم کشائی اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد

مسٹر ریڈی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے الگ ریاست کے لیے چلی دہائیوں طویل جدوجہد کو یاد کیا اور تلنگانہ کے لوگوں کی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور یو پی اے کی سابق صدر سونیا گاندھی کا شکریہ ادا کیا۔

حیدرآباد :  ریاست میں منگل کو تلنگانہ کا یومِ تاسیس حب الوطنی کے جذبے اور شان و شوکت کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور اس کے لیے کئی مقامات پر پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں
شادنگرمیں تلنگانہ ریاست کے یومِ تاسیس کی تقریبات جوش و خروش کے ساتھ انقیاد
ملک میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے حملوں پر مسلم پرسنل لا بورڈ کا اظہارِ تشویش، ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان
اے پی سی آر تلنگانہ (APCR) کا ریاست گیر پیرالیگل ایکٹوسٹ و کارکنان کے لئے تربیتی پروگرام کا کامیاب اختتام
گورنمنٹ ڈگری کالج فلک نما میں انا–اکّا مینٹورشپ انٹرن شپ تربیتی پروگرام کا آغاز
محرم الحرام 2026 کے انتظامات پر بی جے پی وفد کی کمشنر پولیس حیدرآباد سے ملاقات

خاص باضابطہ تقریب سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈ میں منعقد کی گئی، جہاں وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے قومی پرچم لہرایا اور رسمی پریڈ کی سلامی لی۔ پریڈ گراؤنڈ جانے سے پہلے وزیر اعلیٰ نے گن پارک واقع شہید یادگار پر تلنگانہ کے شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مسٹر ریڈی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے الگ ریاست کے لیے چلی دہائیوں طویل جدوجہد کو یاد کیا اور تلنگانہ کے لوگوں کی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور یو پی اے کی سابق صدر سونیا گاندھی کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دسمبر 2023 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے کانگریس حکومت فلاح و بہبود، سماجی انصاف اور غربت کے خاتمے کی سمت میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں، خواتین، نوجوانوں، درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل، پسماندہ طبقات، اقلیتوں اور اقتصادی طور پر کمزور طبقات کے لیے کئی فلاحی اور ترقیاتی پروگرام چلا رہی ہے۔

مسٹر ریڈی نے زرعی شعبے کی کامیابیوں پر کہا کہ تلنگانہ میں سال 26-2025 کے دوران 236.87 لاکھ ٹن اناج کی پیداوار درج کی گئی اور حکومت نے گزشتہ ڈھائی برسوں کے دوران زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود پر 1.56 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی قسط میں دو لاکھ روپے تک کے فصل سے متعلق قرضے معاف کیے گئے، جس سے تقریباً 25 لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوا۔ ‘اندراما ہاؤسنگ اسکیم’ کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے پہلے مرحلے میں 22,500 کروڑ روپے کی رقم مختص کرنے کے ساتھ 4.50 لاکھ گھروں کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 13 مہینوں کے اندر ایک لاکھ گھروں کی تعمیر پہلے ہی مکمل ہو چکی ہے اور باقی گھروں کو مرحلہ وار طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ مالی سال 27-2026 کے لیے 3.50 لاکھ مزید گھروں کو منظوری دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے ریکارڈ وقت میں 67,763 سرکاری عہدوں پر تقرری کی ہے اور بھرتی میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ‘تلنگانہ پبلک سروس کمیشن’ میں اصلاحات کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے لیے ‘مہالکشمی مفت بس سفر’، رعایتی ایل پی جی سلنڈر، مفت بجلی کی فراہمی اور گگ ورکرز اور ملازمین کے لیے فلاحی اقدامات جیسی اہم اسکیموں کو کامیابی کے ساتھ نافذ کیا جا رہا ہے۔

مسٹر ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کو 2034 تک ایک لاکھ کروڑ ڈالر کی معیشت اور 2047 تک تین لاکھ کروڑ ڈالر کی معیشت میں تبدیل کرنے کے لیے ‘تلنگانہ رائزنگ-2047’ روڈ میپ کے ذریعے ایک طویل مدتی وژن کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے ریاست کی ترقی میں سرگرمی سے حصہ لینے اور تلنگانہ کی ترقی کے لیے خود کو دوبارہ وقف کرنے کی اپیل کی۔

 وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر پولیس جوانوں اور دیگر اہلکاروں کو تمغوں سے نوازا۔ لوک بھون سمیت ریاست کے تمام 33 اضلاع میں شاندار تقاریب منعقد کی گئیں، جہاں گورنر شیو پرتاپ شکلا نے قومی پرچم لہرایا۔ کانگریس، بی جے پی، بی آر ایس، سی پی آئی اور سی پی آئی (ایم) سمیت سیاسی جماعتوں نے بھی اپنے اپنے پارٹی دفاتر میں قومی پرچم لہرا کر الگ سے یومِ تاسیس کی تقاریب منائیں۔

پروگرام میں تلنگانہ کے وزراء، ارکانِ پارلیمنٹ، ارکانِ اسمبلی، عوامی نمائندوں، چیف سکریٹری کے رام کرشن راؤ، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سی وی آنند، سینئر افسران اور دیگر لوگوں نے شرکت کی۔